امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران 13 امریکی فوجیوں کے قتل کے ذمہ دار شخص کو پاکستان کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اب وہ انصاف کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ آ رہا ہے۔
ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب کے دوران یہ خبر شیئر کی تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی کا کہنا ہے کہ اس شخص کو محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور سی آئی اے امریکی تحویل میں لیں گے۔
پام بونڈی نے ایکس پر لکھا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے ایبی گیٹ پر ہلاک ہونے والے 13 امریکی ہیروز کے اہل خانہ کو کچھ سکون ملے گا۔ ہم امریکیوں کو نقصان پہنچانے والوں کو فوری اور فیصلہ کن انصاف کے کٹہرے میں لانا جاری رکھیں گے۔
سی این این نے منگل کو وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کے حوالے سے خبر دی کہ محمد شریف اللہ، جو بم دھماکے کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث تھا، کو امریکہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
یہ بم حملہ 26 اگست 2021 کو اس وقت ہوا جب امریکی فوجی طالبان کے قبضے کے بعد افراتفری کے باعث امریکیوں اور افغانوں کو بھاگنے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہے تھے ، جس نے 20 سال کی جنگ کے بعد امریکہ کی شکست کے احساس کو مزید بڑھا دیا تھا۔
Comments