پاکستان

عوام کو اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، وزیر اعظم

  • شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور پرائس کنٹرول خصوصا چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس
شائع March 3, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور پرائس کنٹرول خصوصا چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو اشیائے خوردونوش اور مشروبات کی سستے داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہے جس سے چینی کی اسمگلنگ کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے موثر حکمت عملی وضع کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں تاکہ عام آدمی کو سستے داموں خوراک اور مشروبات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کے دوران چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر کم قیمت پر چینی فروخت کرنے کے لئے فیئر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں تندہی سے کام کرے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور متعلقہ سینئر حکومتی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

Comments

200 حروف