دنیا

امریکی وزیر خارجہ کا اسرائیل کو 4 بلین ڈالر کی فوجی امداد کی فوری فراہمی کا اعلان

  • ٹرمپ انتظامیہ نے حماس کے ساتھ جنگ بندی کے دوران اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی تیز کرنے کیلئے کانگریس کے جائزے کو نظر انداز کر دیا
شائع March 2, 2025

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ انہوں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت تقریباً 4 بلین ڈالر کی فوجی امداد اسرائیل کو فوری طور پر فراہم کی جائے گی۔

مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ 20 جنوری کو اقتدار سنبھالنے والی ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کو تقریبا 12 ارب ڈالر کی بڑی غیر ملکی فوجی فروخت کی منظوری دے دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل کی سلامتی سے متعلق امریکہ کے دیرینہ عزم کو پورا کرنے کے لئے تمام دستیاب ذرائع کا استعمال جاری رکھے گی، جس میں سلامتی کے خطرات کا مقابلہ کرنا بھی شامل ہے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے ہنگامی اختیارات کا استعمال کیا ہے جو اب حماس کے ساتھ نازک جنگ بندی میں ہے۔

پینٹاگون نے جمعے کے روز کہا تھا کہ محکمہ خارجہ نے اسرائیل کو تقریبا تین ارب ڈالر مالیت کے بم، مسمار کرنے والی کٹس اور دیگر ہتھیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

انتظامیہ نے کانگریس کو ان ممکنہ ہتھیاروں کی فروخت کے بارے میں ہنگامی بنیادوں پر مطلع کیا، ایوان کی خارجہ امور اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹیوں کے چیئرز اور رینکنگ کے اراکین کو فروخت کا جائزہ لینے اور کانگریس کو باضابطہ اطلاع دینے سے پہلے مزید معلومات طلب کرنے کے ایک دیرینہ عمل کو نظر انداز کردیا۔

جمعے کے روز یہ اعلان حالیہ ہفتوں میں دوسرا موقع ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کی فوری منظوری دینے کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ نے بھی کانگریس کے جائزے کے بغیر اسرائیل کو اسلحے کی فروخت کی منظوری دینے کے لیے ہنگامی اختیارات کا استعمال کیا تھا۔

پیر کے روز ٹرمپ انتظامیہ نے بائیڈن دور کے اس حکم نامے کو منسوخ کر دیا تھا جس میں اسرائیل سمیت اتحادیوں کی جانب سے امریکی فراہم کردہ ہتھیاروں سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کا کہا گیا تھا۔ اس نے زیادہ تر امریکی انسانی ہمدردی کی غیر ملکی امداد کو بھی ختم کر دیا ہے۔

19 جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے نے 15 ماہ سے جاری لڑائی کو روک دیا اور تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار کی، جبکہ غزہ میں قید 44 اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل کے زیر حراست تقریبا 2،000 فلسطینی قیدیوں اور نظربندوں کو رہا کیا گیا۔

جنگ بندی کے پہلے مرحلے کی مدت ختم ہونے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل نے اتوار کی صبح کہا کہ وہ ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کی جانب سے غزہ میں رمضان اور پاس اوور کے اوقات کے لیے عارضی جنگ بندی کی تجویز کو منظور کرے گا۔

اسرائیل اور حماس نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے جس میں مزید یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حملوں کے مستقل خاتمے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔

Comments

200 حروف