ٹیکس پالیسی آفس چند روز میں فعال ہوجائے گا، محمد اورنگزیب
- حکومت ٹیکس کے دائرہ کو وسیع کرنے اور پاکستان کو برآمدات پر مبنی ملک بنانے پر مرکوز نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے پر عزم ہے، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی سہولت کے لئے ٹیکس پالیسی آفس (ٹی پی او) چند روز میں فعال ہوجائے گا۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے یہ بات سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس کو وسیع کرنے اور پاکستان کو برآمدات پر مبنی ملک بنانے پر مرکوز نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس کے عمل کو آسان بنا دیا ہے اور ٹیکس دہندگان، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی سہولت کے لئے چند دنوں میں ٹیکس پالیسی آفس فعال ہوجائے گا۔
رواں ماہ کے اوائل میں وفاقی کابینہ نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے وزارت خزانہ میں ٹی پی او کے قیام کی منظوری دی تھی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی پی او ڈیٹا ماڈلنگ، محصولات اور معاشی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ ملک کے بین الاقوامی ٹیکس معاہدوں اور ذمہ داریوں کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کے تجزیے میں معاونت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرائی گئی ہے تاکہ وقت کی بچت ہو اور مالی معاملات میں زیادہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو درست سمت میں گامزن کیا ہے اور نجی شعبے پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آگے آئے اور ملک کی ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو ملک بالخصوص معدنیات سے مالا مال خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کاروبار اور صنعت کاری کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کے پی میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے کے لئے کاروبار اور صنعت کاری میں سہولت فراہم کرے گی۔
اورنگ زیب نے اس بات پر زور دیا کہ آمدنی اور اخراجات کے درمیان توازن پیدا کرکے خوشحالی حاصل کی جاسکتی ہے۔
Comments