رمضان المبارک کی آمد، گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ
- کراچی کے تمام 7 اضلاع میں 17 تا 23 فروری گراں فروشوں پر کل 30 لاکھ 63 ہزار سے زائد روپے جرمانے عائد، 9 ملزمان گرفتار، 28 دکانیں سیل کی گئیں، اجلاس کو بریفنگ
رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظرکراچی کی شہری انتظامیہ نے گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں پربھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کی دکانیں بھی سیل کی جائیں گی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے منگل کے روز اپنے دفتر میں ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد کیا ہے جس میں انھوں نے بیورو اف سپلائی کے افسران اور ویڈیو لنک پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز سے خطاب کیا اور انھیں سرکاری نرخنامے کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی اقدامات خاص کر گراں فروشی کی روک تھام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے ضلع میں گراں فروشی کے خلاف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کے تمام 7 اضلاع میں 17 تا 23 فروری کے دوران گراں فروشوں پر کل 30 لاکھ 63 ہزار سے زائد روپے جرمانہ عائد کرکے 9 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ 28 ملزمان کی دکانیں سیل کی گئیں۔
کمشنر سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنر ز پر زور دیا کہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام کریں اور رمضان المبارک میں اشیائے خورو نوش کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ کسی منافع خور سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ انھوں نے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے اور ڈپٹی کمشنر زکو خود بھی قیمتیں چیک کرنے کی ہدایت کی۔
آجلاس میں مجسٹریٹس کی کمی دور کر نے کے لیے اقدامات پر غورکیا گیا فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان کے لئے مختلف سروسز کے افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی، اس ضمن میں حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ افسران مارکیٹ یا بازار میں کم ازکم ایک گھنٹہ نگرانی کریں، قیمتیں چیک کریں اور موقع پر کارروائی کریں اور ضروری ہو تو گراں فروشی کے مرتکب تاجر یا دکاندار کی اشیا سرکاری نرخ پر فروخت کرائیں ۔
تفصیلات کے مطابق 17 فروری تا 23 فروری کے دوران ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق ضلع جنوبی میں 9 لاکھ 92 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا 9 دکانیں سر بمہر کی گئیں ۔
ڈپٹی کمشنر غربی احمد علی صدیقی نے بتایا کہ ضلع غربی میں ایک لاکھ 84 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ایک دکان سیل کی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم نے بتایا کہ ضلع وسطی میں 2 لاکھ 89 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا، دو گراں فروش گرفتار کیے گئے، ایک دکان سیل کی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کورنگی میں 3 لاکھ 51 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 14 دکانیں سیل کی گئیں، ایک گراں فروش کو گرفتار کیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع شرقی میں 6 لاکھ 32 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ضلع ملیر میں 3لاکھ 47 ہزار روپے جرمانہ عائد جبکہ 6 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور ایک دکان سیل کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق چانڈیو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ایک لاکھ 98 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو دکانیں سیل کی گئیں ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزی منڈی میں غیر رجسٹرڈ ماشہ خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی اور بیوروآف سپلائی کو ہدایت کی کہ وہ سبزی منڈی میں آکشن نظام کو شفاف بنانے میں اپنا کردار موثر بنائیں اور سبزی منڈی کے دکانداروں سے سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرانا یقینی بنایا جائے اور کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بیورو آف سپلائی پرائس لسٹ کی مطلوبہ تعداد میں اشاعت اور ہر دکاندار تک اس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حاظم بنگوار نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Comments