اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ کو الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشن (ای ایم آئی) کے طور پر کمرشل آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری کردیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائسنس کے تحت ای ایم آئی صارفین اور تاجروں کو ای منی والیٹ اور پیمنٹ گیٹ وے سروسز فراہم کرے گی۔
اس لائسنس کے ساتھ کمرشل آپریشنز کرنے والے ای ایم آئیز کی تعداد بڑھ کر 6 ہوجائے گی جن میں نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ، فنجا پرائیویٹ لمیٹڈ، سادہ پے پرائیویٹ لمیٹڈ، اختر فویو ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ، ای پروسیسنگ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایک ای ایم آئی، یعنی حب پے پرائیویٹ لمیٹڈ فی الحال پائلٹ آپریشنز میں ہے۔
دریں اثنا مرکزی بینک نے بتایا کہ تین ای ایم آئیز یعنی وائی اے پی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ، سیریسما پرائیویٹ لمیٹڈ اور ٹوکو لیب پرائیویٹ لمیٹڈ کو اصولی طور پر منظوری دے دی گئی ہے اور فی الحال وہ پائلٹ آپریشنز شروع کرنے کے لئے اپنی تنظیمی تیاری اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے کے عمل میں ہیں۔
ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ، اپنے فِن ٹیک پلیٹ فارم کینو(Keenu) کے ذریعے، پاکستان کے ڈیجیٹل پیمنٹ کے منظرنامے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور مختلف قسم کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ کینو والیٹ ایپ صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے ادائیگیاں کرنے، پیسے بھیجنے اور بلوں کو تقسیم کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
Comments