وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزا یوف کی دعوت پر 25 اور 26 فروری 2025 کو ازبکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ اعلان دفتر خارجہ نے پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
یہ دورہ ازبکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس میں اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور باہمی خوشحالی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سمیت کابینہ کے دیگر ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ صدر شوکت مرزا یوف سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
توقع ہے کہ دونوں رہنما رابطے، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی اور تعلیم سمیت باہمی تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے۔
اس دورے کی ایک اہم بات متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوں گے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جہاں دونوں ممالک کے معروف کاروباری افراد بی ٹو بی اجلاسوں میں شرکت کریں گے تاکہ تجارت کے نئے مواقع تلاش کیے جاسکیں اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکے۔
دفتر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ یہ دورہ امن اور ترقی کے لئے پاکستان اور ازبکستان کی مشترکہ امنگوں کا ثبوت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان تاریخ، ثقافت، مذہب اور امن و ترقی کی خواہشات کے مشترکہ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم کے دورے کو علاقائی انضمام اور اقتصادی خوشحالی کی جانب ایک اسٹریٹجک قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت علاقائی انضمام اور معاشی خوشحالی کے لیے اسٹریٹجک وژن کے تحت وسیع تر اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔
ایک ایسے وقت میں جب دونوں ممالک اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، یہ دورہ ان کے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کھولنے کے لیے تیار ہے، جس سے زیادہ مربوط اور خوشحال خطے کی راہ ہموار ہوگی۔
Comments