رمضان کی آمد: جوڑیا بازار میں گراں فروشی کے خلاف شکایتی مرکز قائم
- صبح 9 سے شام 7 بجے تک 2 آپریٹرز خدمات انجام دیں گے، رمضان المبارک کیلئے 4 لائن فون نمبرز آج سے فعال ہوں گے
رمضان المبارک کی آمد سے قبل کراچی کے جوڑیا بازار میں گراں فروشی کے خلاف شکایت سیل قائم کردیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے پیر کے روز سیل کا افتتاح کیا۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز کے دفتر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شکایتی سیل کے قیام سے رمضان المبارک میں اشیا خورو نوش کے نرخوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
کمشنر نے کہا ہے کہ شہری اپنی شکایات دیئے گئے فون نمبروں پر یا کراچی گروسری ہول سیلرز ایسوسی ایشن کراچی کے دفتر میں جاکر جمع کرا سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری چاول، دالیں، گھی، چینی اور مصالحہ جات سمیت کریانہ کی تمام اشیا سے متعلق گراں فروشی کی شکایات کا اندراج کرا سکیں گے۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر جنوبی بھی موجود تھے۔
کراچی گروسری ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے دفتر سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کراچی گروسری ہول سیلرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دی ۔
کمپلینٹ سینٹر میں صبح 9 سے شام 7 بجے تک 2 آپریٹرز سروس فراہم کریں گے۔ رمضان المبارک کیلئے کمپلینٹ سینٹر میں 4 لائن نمبرز آج سے فعال ہوں گے۔
شکایات سننے کے لئے کملینٹ سیل میں انتظامیہ کا رکن اور ایسوسی ایشن کے ارکان موجود ہوں گے جبکہ شہری درج ذیل فون نمبروں پر براہ راست اپنی شکایات کا اندراج کراسکتے ہیں۔
02132774537،02132774547،02132774557،02132774567
کمشنر نے کہا کہ گروسری ایسوسی ایشن کے تعاون سے گروسری کی قیمتیں کنڑول کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کمشنر کو یقین دلایا کہ وہ گراں فروشی کی روک تھام میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی فی کلو 130 روپے میں فروخت کی جائے گی ۔
انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخوں پرعملدرآمد یقینی بنائیں اور گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کیاجائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی اور کوئی رعایت نہیں برتی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر سے منافع خوری کرنے والے50 تاجروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیزہ اندوزی میں ملوث ملزمان پر نہ صرف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے بلکہ انہیں موقع پر گرفتار بھی کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ
مارکیٹ میں اشیاء کی پرائس کو کنڑول کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جاتی ہے۔ پرائس لسٹ اور مارکیٹوں کے درمیان اشیاء کی قیمتوں کا بڑا فرق 3 سال میں کنڑول ہوا ہے۔
کمشنر کراچی نے دعویٰ کیا کہ شہر بھر کی کچی آبادیوں کو کمشنر ہاؤس کی جانب سے سند جاری نہیں کی گئی، وزیراعظم کی ہدایت پر پورٹ زمینوں کو واگزار کرانے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ ٹیمیں فعال ہیں، ڈی سی کیماڑی پورٹ زمینوں کو واگزار کرنے کیلئے انکروچمنٹ سیل کے ساتھ متحرک ہیں۔
کمشنر کراچی نے ایک اور سوال پر کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے شہر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے کام جاری ہے۔
علاوہ ازیں کمشنر کراچی نے جوڑیا بازار کا دورہ کیا اورعلاقے میں ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تاجروں اور دیگرشہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ مسائل کنڑول کرنے کیلئے وقت چاہئے کیونکہ ٹریفک پولیس کی نفری میں کمی ہے، اسے بتدریج بہتر کیا جائے گا۔
Comments