وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام حاصل کر لیا گیا ہے اور ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، متوازن اور جامع طرز عمل کو یقینی بنانے کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت جاری ہے۔
محمد اورنگزیب نے اہم مالیاتی اشاریوں میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ اچھی پوزیشن میں ہے، کرنسی کا استحکام حاصل ہوا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات جاری ہیں جن کا مقصد ٹیکس نظام کو زیادہ موثر اور عوام کے لیے قابل قبول بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر اور تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے اور اب تمام شعبوں کو معیشت میں اپنا منصفانہ حصہ ڈالنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پائیدار معاشی نمو ترجیح ہے اور حکومت نجی شعبے کی مدد کے لئے پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا، “حقیقی ترقی نجی شعبے سے آئے گی، اور ہمیں انہیں ایک سازگار پالیسی فریم ورک فراہم کرنا ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے متعلق تشویش کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، دبئی اور واشنگٹن کے حالیہ دوروں کے دوران انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں کوئی عدم اطمینان نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا، “ہم ان کے تعاون پر شکر گزار ہیں، اور ہمیں توقع ہے کہ اس سال ترسیلات زر 35 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مسلسل اضافے کی بھی نشاندہی کی جو بیرون ملک پاکستانیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔
کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے عزم کے ساتھ کھیلا اور ہم ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
Comments