آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارت نے روہت شرما (20) کو جلد ہی گنوا دیا تاہم شبھمن گل اور ویرات کوہلی نے پاکستان کے 242 رنز کے ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔

روہت نے اننگز کی کمان سنبھالی اور تین چوکے اور ایک چھکا لگایا تاہم پانچویں اوور میں شاہین آفریدی نے انہیں آؤٹ کردیا۔

ان کی وکٹ نے بھارت کے نقطہ نظر کو تبدیل نہیں کیا کیونکہ شبھمن گل اور نئے آنے والے ورات کوہلی دونوں آزادانہ طور پر اپنے شاٹس کھیلتے رہے۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لئے 69 رنز کی شراکت قائم کی اوربھارت کو 17.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز تک پہنچایا۔

پانی کے وقفے کے فوراً بعد ابرار احمد نے ان فارم شبھمن گل کو 46 رنز پر آؤٹ کردیا۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں کلدیپ یادو کی 3 وکٹوں کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 241 رنزتک محدود کردیا تھا۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، جس کے بعد بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا۔ جب وہ اچھا کھیلنے لگے تو 23 رنز کی اننگز میں پانچ چوکے لگانے کے بعد، ہاردک پانڈیا کی ایک گیند کو آف سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش میں آٹھویں اوور میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔**

اگلے ہی اوور میں ان کے ساتھی امام الحق نے ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش کی اور اکشر پٹیل کے براہ راست تھرو کی بدولت رن آؤٹ ہو گئے۔

سعود شکیل 76 گیندوں پر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اس سے پہلے اکشر پٹیل نے رضوان کو کلین بولڈ کردیا ۔ انہوں نے 77 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

رضوان اور سعود شکیل نے 142 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کی۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

زخمی فخر زمان کی جگہ لینے والے امام الحق نے بابر اعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کردیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، اسی لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

صرف ایک ضروری تبدیلی، زخمی فخر زمان کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ وکٹ رفتار میں کچھ سست لگ رہی ہے۔

ہم اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں جس نے بنگلہ دیش کے خلاف ذمہ داری نبھائی تھی۔

ٹیم نیوز

پاکستان الیون: امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد۔

بھارت الیون: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، رویندرا جڈیجہ، کلدیپ یادو، محمد شامی، ہرشت رانا۔

Comments

200 حروف