صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں 25 فروری سے 2 مارچ 2025 تک بارش، آندھی، گرج چمک اور برفباری کا انتباہ جاری کردیا۔ یہ الرٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے، جس سے آہستہ آہستہ بالائی علاقے متاثر ہوں گے۔

ایڈوائزری کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں 25 فروری سے یکم مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دریں اثناء مری، گلیات اور گردونواح میں اسی عرصے کے دوران معتدل سے شدید برفباری کا امکان ہے جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر سڑکیں بند اور پھسلن کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب میں 25 سے 28 فروری تک گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو اس دوران پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرم کپڑوں، ادویات، خوراک اور ضروری سامان پر مشتمل ہنگامی کٹس تیار کریں۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 گھنٹے عملے کی موجودگی کو یقینی بنائیں، برف صاف کرنے والی مشینری کو برقرار رکھیں اور متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کنٹرول کے بھرپور اقدامات پر عمل درآمد کریں۔

توقع ہے کہ اس موسمی نظام سے خاص طور پر برفباری والے علاقوں میں نمایاں خلل پڑنے کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خطرات کو کم سے کم کرنے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے موثر کوآرڈینیشن اور موسم کی تازہ ترین معلومات کی بروقت ترسیل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Comments

200 حروف