پاکستان میں تبدیلی لاکر بھارت کو ترقی میں پیچھے چھوڑ دیں گے، وزیر اعظم
- گزشتہ ایک سال کے دوران حاصل ہونے والے معاشی استحکام نے زراعت اور صنعت جیسے اہم شعبوں کی بحالی کے لئے بنیاد رکھی ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز پاکستان کی تقدیر کو اجتماعی قومی کوششوں کے ذریعے ازسرنو ترتیب دینے کا عہد کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ ملک اپنی ترقی کے راستے پر بھارت جیسے علاقائی حریفوں کو پیچھے چھوڑنے کے لیے تیار ہے ۔ یہ بات سرکاری ریڈیو پاکستان نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان بے مثال تعاون پر زور دیا تاکہ پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حاصل ہونے والے معاشی استحکام نے زراعت اور صنعت جیسے اہم شعبوں کی بحالی کے لئے بنیاد رکھی ہے جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان شعبوں کو تقویت دینے کے لیے وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں کمی کے منصوبوں کا اعلان کیا اور ساتھ ہی اہم معاشی فوائد پر روشنی ڈالی جن میں مہنگائی میں 40 فیصد سے 2.4 فیصد تک کمی اور بنیادی شرح سود میں 22 فیصد سے 12 فیصد تک کمی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے لیے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے جنوبی پنجاب کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس علاقے میں جاری منصوبوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے عوامی فلاح و بہبود اور تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے ڈیرہ غازی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں ایک یونیورسٹی سمیت نئے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔
Comments