پاکستان میں ہفتے کو پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد سال 2025 کے دوران ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہوگئی۔

پاکستان پولیو ایریڈیکیشن پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کیس سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے سامنے آیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق رواں سال سندھ میں پولیو کا یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد سندھ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 2 جب کہ خیبر پختونخوا میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2024 کے دوران کل 74 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 27 کیسز بلوچستان، 22 خیبر پختونخوا ، 23 سندھ اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

پاکستان پولیو پروگرام سال میں متعدد بڑے ویکسی نیشن مہم چلاتا ہے، جن میں سے پہلی مہم 3 سے 9 فروری تک چلائی گئی، جس کا آغاز وزیرِاعظم شہباز شریف نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس مہم کے دوران ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

انسداد پولیو مہم میں پولیو ٹیم بچوں کو ان کے گھر جاکر ویکسین پلاتی ہے ۔

والدین کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ویکسی نیشن یقینی بنائیں تاکہ وہ محفوظ رہیں۔

Comments

200 حروف