بنگلہ دیش کو 50 ہزار میٹرک ٹن غیر باسمتی چاول برآمد کرنے کے لئے بولیاں طلب کی گئیں۔

بنگلہ دیش کے ساتھ 50,000 میٹرک ٹن لمبے دانے والے سفید چاول کی کامیاب برآمدی ڈیل کے بعد، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے مزید 50,000 میٹرک ٹن چاول کی برآمد کے لیے نیا ٹینڈر جاری کیا ہے۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی ) کے جاری کردہ ٹینڈر کے مطابق، چاول برآمد کرنے والی کمپنیوں سے 50,000 میٹرک ٹن (+/-5%) نان باسمتی پاربوائلڈ چاول (5 فیصد ٹوٹے ہوئے) کی خریداری کے لیے علیحدہ سیل شدہ بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 فروری 2025 کو صبح 11:30 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔

بولی دہندگان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کراچی پورٹ کے ذریعے بنگلہ دیش کو برآمد کیلئے 60 فیصد چاول چٹاگانگ پورٹ اور 40 فیصد مونگلا پورٹ کی بنیاد پر سی آئی ایف لائنر آؤٹ شرائط کے تحت بولیاں جمع کرائیں۔ چاول بریک بلک کارگو کی شکل میں 50 کلوگرام پولی پروپلین بُنے ہوئے تھیلوں میں ٹینڈر دستاویز میں دی گئی وضاحت کے مطابق پیک کیا جائے گا۔

دلچسپی رکھنے والے فریق کم از کم 25,000 میٹرک ٹن یا اس سے زیادہ مقدار کے لئے بولی لگا سکتے ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 50،000 میٹرک ٹن غیر باسمتی پربوائلڈ چاول (5 فیصد ٹوٹا ہوا) کے لئے بولی لگا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں بنگلہ دیش ٹریڈنگ کارپوریشن (بی ٹی سی) نے پاکستان سے جی ٹو جی بنیاد پر چاول درآمد کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاکہ اپنی مقامی طلب پوری کرسکے۔ اس کے جواب میں، ٹی سی پی نے ایک بین الاقوامی ٹینڈر جاری کیا، جس میں 50 ہزار میٹرک ٹن لانگ گرین وائٹ رائس (آئی آر آر آئی -6) اور 50 ہزار میٹرک ٹن نان باسمتی پربوائلڈ چاول کی سپلائی کے لیے دو بولیاں طلب کیں۔

یہ ٹینڈر 6 جنوری 2025 کو کھولا گیا، جس میں 11 برآمد کنندگان اور تاجروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے 50,000 میٹرک ٹن لانگ گرین وائٹ رائس کی برآمد کے لیے 498.40 ڈالر سے 523.50 ڈالر فی میٹرک ٹن تک کی بولیاں جمع کرائیں۔

تاہم، پاکستانی بولی دہندگان نے 50,000 میٹرک ٹن نان باسمتی پربوائلڈ چاول کے لیے کوئی پیشکش جمع نہیں کرائی۔ لہٰذا، بنگلہ دیش کی درخواست پر ٹی سی پی نے چاول کی برآمد کیلئے نیا ٹینڈر جاری کیا ہے۔

بنگلہ دیش کو تقریبا 50,000 ٹن لانگ گرین وائٹ رائس (آئی آر آر آئی-6) برآمد کرنے کا عمل جاری ہے اور ایک ہفتے میں شپمنٹ بھیجے جانے کا امکان ہے۔ ٹینڈر کے مطابق، دلچسپی رکھنے والے فریق جنہوں نے پہلے ٹی سی پی کے ساتھ اپنی معاہدے کی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا، بولیوں میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے، جب تک کہ وہ جرمانے کے ساتھ اپنے واجبات کی ادائیگی نہیں کرتے ہیں یا ٹینڈر کھولنے کی تاریخ سے پہلے ٹی سی پی کے ساتھ خدمات اور اجناس میں اپنی معاہدوں کی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرتے ہیں.

مزید برآں، وہ کمپنیاں جنہیں بلیک لسٹ کیا گیا ہے یا جن کے خلاف ٹی سی پی کی طرف سے بلیک لسٹنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے، ٹینڈر میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف