پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ مینوفیکچررز میں سے ایک لکی سیمنٹ نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے حصص یافتگان کی منظوری سے مشروط ایکویٹی شیئرز کی تقسیم کی تجویز پیش کی ہے۔

نوٹس کے مطابق لکی سیمنٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنی 20 فروری 2025 کو منعقدہ اجلاس میں غور کیا… اور کمپنی کے شیئرز کی اصل مالیت کو 10 روپے سے کم کر کے 2 روپے فی شیئر کرنے کی منظوری دی، جیسا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 85(1)(c) کے مطابق ہے جس کے تحت ہر 1 شیئر کے بدلے 5 شیئرز دیے جائیں گے۔

شیئرز کی تقسیم، جسے شیئر اسپلٹ بھی کہا جاتا ہے، ایک کارپوریٹ اقدام ہے جس کے تحت شیئرز کی تعداد بڑھا دی جاتی ہے جبکہ فی شیئر قیمت کم ہوجاتی ہے۔ تاہم، کمپنی کی مجموعی قدر اور ہر شیئر ہولڈر کی سرمایہ کاری کی مالیت برقرار رہتی ہے۔

شیئر اسپلٹ کے علاوہ، بورڈ نے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن کی شق V میں ترمیم کی تجویز بھی دی ہے تاکہ مجوزہ شیئرز کی تقسیم کی عکاسی کی جا سکے۔

شیئر اسپلٹ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے بورڈ نے کمپنی کے قیام سے لے کر اب تک شیئر ہولڈرز کے مسلسل اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام شیئر ہولڈر ویلیو بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ شیئر ہولڈر ویلیو میں مزید اضافہ کرنے اور سرمایہ کاروں کی شمولیت کو وسیع کرنے کے لیے، بورڈ نے مذکورہ شیئرز کی تقسیم کی تجویز دی ہے، تاکہ کمپنی کے شیئرز مختلف سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی ہوں اور سالوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابی ان کے ساتھ شیئر کی جا سکے۔

ایکسٹرا آرڈینری جنرل میٹنگ (ای او جی ایم) میں تجویز کی منظوری کے بعد کمپنی کا موجودہ سبسکرائب شدہ اور ادا شدہ سرمایہ، جو اس وقت 10 روپے مالیت کے 293,000,000 عام شیئرز پر مشتمل ہے، تقسیم ہو کر 2 روپے مالیت کے 1,465,000,000 عام شیئرز میں تبدیل ہو جائے گا۔

لکی سیمنٹ نے کہا کہ اس کے نتیجے میں کمپنی کے اہل شیئر ہولڈرز کو مقررہ تاریخ تک اپنے ہر 1 شیئر کے بدلے 5 شیئرز دیے جائیں گے، جس کی تفصیلات ای او جی ایم کے بعد جاری کی جائیں گی۔

کمپنی نے مزید آگاہ کیا کہ اس تجویز پر ووٹنگ کے لیے ایکسٹرا آرڈینری جنرل میٹنگ (ای او جی ایم) 18 مارچ 2025 کو منعقد کی جائے گی۔

Comments

200 حروف