سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافے کاسلسلہ جاری ہے،جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 3 لاکھ9 ہزار روپے پرجاپہنچی ۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 9 ڈالر کےاضافے سے 2,953 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا ایک ہزار روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 9 ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 857روپے کے اضافے سے پہلی بار 2 لاکھ 64 ہزار 917 روپے ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کوفی تولہ سونا 3 ہزار 800 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 8 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
دریں اثناء جمعرات کو چاندی کی قیمت 28 روپے اضافے کے ساتھ 3,468 روپے فی تولہ ہوگئی۔
عالمی سطح پر، سونے کی قیمتیں جمعرات کو ریکارڈ بلندی کے قریب رہیں، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے منصوبوں نے مہنگائی میں اضافے اور ایک بڑی عالمی تجارتی جنگ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
اپنی صدارت کے آغاز کے بعد سے ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف اور اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے۔
انہوں نے بدھ کو کہا کہ وہ لکڑی، کاروں، سیمی کنڈکٹرز اور دواسازی سے متعلق محصولات کا اعلان اگلے مہینے یا اس سے پہلے کریں گے۔
Comments