پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ساتویں ریجنل اسٹیبلائزیشن کانفرنس میں شرکت کے لیے برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے اور علاقائی استحکام و عالمی امن کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی توثیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مضبوط سفارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعلقات پر استوار ہیں۔
گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کی افواج نے خاص طور پر انسداد دہشت گردی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں مضبوط تعاون برقرار رکھا ہے۔
دریں اثناء آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا تاریخی رائل ہارس گارڈز پریڈ گراؤنڈ میں پرتپاک اور پروقار استقبال کیا گیا جس میں گارڈ آف آنر بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف برطانیہ کی سول اور فوجی قیادت کے اہم ارکان بشمول چیف آف ڈیفنس اسٹاف ایڈمرل ٹونی ریڈیکن، برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر رولینڈ واکر اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن نکولس پاول سے ملاقاتیں کریں گے۔
وہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور گہرے تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دینے کے لئے ہوم سکریٹری یویٹ کوپر کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
آرمی چیف لینڈ وارفیئر سینٹر اور فرسٹ اسٹرائیک بریگیڈ سمیت برطانوی فوج کے اہم یونٹس کا دورہ کریں گے جہاں وہ برطانوی فوج کے جدید اقدامات اور آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ لیں گے۔
اسٹیبلائزیشن کانفرنس پاکستان اور برطانیہ کے درمیان آرمی ٹو آرمی ڈائیلاگ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے، جو تعاون کو فروغ دینے کے لئے ہر سال منعقد ہوتی ہے۔
رواں سال تقریب میں سول اور ملٹری پالیسی سازوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے ممتاز تھنک ٹینکس کے ارکان کی متوازن نمائندگی بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس سال کی کانفرنس تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی منظرنامے کی روشنی میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے، جو نقطہ نظر کے تبادلے اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے کا ایک انمول موقع فراہم کرتی ہے۔
Comments