پاکستان

افغانستان سے دہشت گردی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے حمایت کا مطالبہ

  • نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات
شائع February 19, 2025

پاکستان نے اقوام متحدہ (یو این) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے اندر اور وہاں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں تعاون کرے۔

ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو سے ملاقات کے دوران کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اس وقت نیویارک کے دورے پر ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ”کثیرالجہتی عمل: عالمی گورننس میں اصلاحات اور بہتری“ ہے۔

ملاقات کے دوران، نائب وزیراعظم نے افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کو اجاگر کیا اور افغانستان کے اندر اور وہاں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں اقوام متحدہ کی حمایت کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، انہوں نے افغانستان میں لاکھوں ضرورت مند افراد کو انسانی امداد فراہم کرنے اور افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان روابط کے منصوبوں پر عمل درآمد کے ذریعے اس کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

حال ہی میں پاکستان میں، خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں، دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب مؤثر سرحدی انتظامات یقینی بنائے، اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔

دریں اثنا، نائب وزیراعظم نے امن و سلامتی، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (2025-2026) کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کثیرالجہتی تعاون اور اقوام متحدہ کے منشور سے پاکستان کی دیرینہ وابستگی، بشمول اقوام متحدہ کی امن مشنز میں کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے ”سمٹ آف دی فیوچر“ کے انعقاد کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ”پیکٹ فار دی فیوچر“ کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا، تاکہ ترقی پذیر ممالک کی مالی ضروریات پوری کی جا سکیں اور وہ پائیدار ترقی کے اہداف اور موسمیاتی اہداف حاصل کر سکیں۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی اور دو ریاستی حل کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

نائب وزیر اعظم نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی فعال شمولیت اور اقوام متحدہ کے قیام امن میں پاکستان کے کردار پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

200 حروف