پاکستانی آٹوموبائل مارکیٹ اپنی کھوئی ہوئی جگہ واپس حاصل کر رہی ہے۔ مالی سال 2024 میں تاریخی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد، مارکیٹ ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مالی سال 2025 میں اب تک فروخت میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ خاصا متاثر کن ہے، خاص طور پر جب معیشت ابھی بھی سست رفتاری سے بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ جون 2024 سے اب تک، پالیسی ریٹ کو 22 فیصد کی بلند ترین سطح سے کم کر کے 12 فیصد تک لایا جا چکا ہے اور کاروباری اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ کار خریدار اپنی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، شو رومز پہلے سے زیادہ بھرے نظر آ رہے ہیں اور بینک جلد ہی نئی آٹو فنانسنگ درخواستوں سے بھر جائیں گے۔ یہ بحالی کی علامت تو ہے، لیکن مکمل بحالی کے لیے مزید عوامل درکار ہوں گے۔
مالی سال 2025 کے ابتدائی سات مہینوں میں، مسافر کاروں، ایس یو ویز اور لائٹ کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز) کی فروخت میں مجموعی طور پر 55 فیصد اضافہ ہوا، جس میں سب سے زیادہ نمایاں کردار ایل سی ویز اور ایس یو ویز کا رہا، جو 67 فیصد بڑھے۔ مجموعی فروخت میں ان گاڑیوں کا حصہ بھی بڑھا، جس میں فورچیونر اور ہائی لکس کی فروخت میں معمولی بحالی اور سازگار کے ہیول کی زبردست طلب کا بڑا کردار رہا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2024 میں سازگار نے اتنی ہی تعداد میں ہیول فروخت کیے جتنی فورچیونر اور ہائی لکس کی مشترکہ فروخت تھی، لیکن مالی سال 2025 کے ابتدائی سات مہینوں میں ہیول کی فروخت 1.5 گنا بڑھ چکی ہے۔ رکشہ بنانے والی اس کمپنی نے ایک ہائبرڈ گاڑی متعارف کروائی ہے جسے ہر کوئی خریدنا چاہتا ہے، اور اس کی بے پناہ مانگ کے اثرات فروخت کے حجم میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
ہنڈائی پچھلے چند سالوں سے پاکستانی آٹوموبائل مارکیٹ میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے اور کِیا کا مقابلہ کر رہی ہے۔ اگرچہ اس کا مارکیٹ میں داخلہ سست رفتار تھا، مگر اب اس کی کچھ گاڑیاں، جیسے کہ لائٹ کمرشل وہیکل ہنڈائی پورٹر اور ایس یو وی ٹوسان ، مقبولیت حاصل کر رہی ہیں، جبکہ سیڈان ماڈلز ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ہنڈائی کا مارکیٹ شیئر مالی سال 2021 میں ایک فیصد تھا، جو مالی سال 2022 میں 4 فیصد، اس کے بعد 6 فیصد اور 8 فیصد تک پہنچا۔ تاہم، مالی سال 2025 کے ابتدائی سات مہینوں میں اس کا شیئر 7 فیصد رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔ ہنڈائی کی ٹوسان کی فروخت میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہیول کی زبردست مقبولیت ہے، جو اپنی طاقتور انجن پرفارمنس اور لگژری خصوصیات کے باعث دیگر ایس یو ویز پر حاوی ہو چکی ہے۔
ہیول نے مالی سال 2025 کے ابتدائی سات مہینوں میں پچھلے سال کے مقابلے میں 2.7 گنا زیادہ فروخت حاصل کی ہے، جس نے اسے مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ، ایس یو وی اور ایل سی وی کا مجموعی مارکیٹ میں حصہ بھی بڑھ کر 25 فیصد ہو چکا ہے، جو مالی سال 2022 میں 23 فیصد اور اس سے قبل 13 سالہ اوسط (مالی سال 2011 سے) 14 فیصد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اگرچہ فروخت کے حجم کے لحاظ سے یہ تعداد بہت زیادہ نہیں، لیکن پاکستانی مارکیٹ میں مالی سال 25 کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران فروخت ہونے والی ایس یو ویز اور ایل سی ویز کی کل تعداد تقریباً 19,000 رہی۔ سازگار نے اب تک تقریباً 8,500 ہیول یونٹس فروخت کیے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر کِیا اور دیگر برانڈز کی فروخت بھی شامل کر لی جائے، تو اضافہ زیادہ نہیں ہوگا۔
واضح طور پر، یہ طبقہ آبادی کے ایک چھوٹے حصے کی نمائندگی کر رہا ہے، لیکن نئے ماڈلز اور برانڈز کی آمد سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں نئی تبدیلیوں کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹویوٹا کی کرولا کراس ، کِیا کی اسپورٹیج ایل اور ہنڈائی کی ہائبرڈ گاڑی سانتافے کی لانچ سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ جب تک مکمل الیکٹرک گاڑیاں عام نہیں ہو جاتیں، ہائبرڈ ٹیکنالوجی آٹوموبائل اسمبلرز کے لیے نیا افق ہے۔ آیا ہیول ایچ ای وی (ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل) اس نئے مقابلے کو پیچھے چھوڑ پائے گی یا نہیں، یہ وقت ہی بتائے گا، لیکن اس طبقے کا مارکیٹ شیئر مزید بڑھنے کے امکانات واضح ہیں۔
دوسری جانب، آلٹو بدستور اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے اورمالی سال25 کے ابتدائی 7 ماہ میں 24,000 سے زائد یونٹس فروخت کر چکی ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ اگرچہ اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، لیکن شہری علاقوں میں ایندھن کی بچت کے باعث یہ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی گاڑی بنی ہوئی ہے۔ فنانسنگ آپشنز کھلنے کے بعد، آلٹو اور بولان کے جانشین ایوری کو پہلے سے بھی بڑی مارکیٹ مل سکتی ہے۔
فروری 2025 میں، آلٹو کی ماہانہ قسط 45,000 سے 58,000 روپے کے درمیان ہوگی، جو منتخب ماڈل، 30 فیصد ڈاؤن پیمنٹ، 5 فیصد ریزیڈیول ویلیو اور 5 سالہ قرض کی مدت پر منحصر ہوگی۔ اگر اسٹیٹ بینک گاڑیوں کی فنانسنگ پر عائد سخت پابندیوں کو نرم کر دے اور قرضوں پر عائد حد میں نرمی کرے، تو یہ گاڑیاں متوسط طبقے کے لیے کچھ زیادہ قابل خرید ہو سکتی ہیں۔ اپنی چھوٹی جسامت کے باوجود، آلٹو ایک زبردست گاڑی ثابت ہوئی ہے، جو مسافر کاروں کے مکمل مارکیٹ شیئر کا 42 فیصد اور مسافر کار پلس ایس یو وی/ایل سی وی مارکیٹ کا 32 فیصد حصے پر قابض ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں کوئی خاص مسابقت بھی نہیں۔
Comments