قلات میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کردیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق لیویز اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں حملہ آور پیچھے ہٹنے اور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں لیویز چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید افسر علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔ شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور ان کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیویز افسر نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ہم ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید افسر علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments