وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان ترکی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے پانچ ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کرنے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے ہیں لیکن اب ہمیں انہیں عملی شکل دینا ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے بی ٹو بی یا جی ٹو جی سطح پر تمام کوششوں کی حمایت کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ترکی کے سرمایہ کاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مدد اور سہولت فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں کو یقین دلایا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی برادر ملک اور دوست ہیں اور ہماری دوستی کی تاریخ تقسیم سے پہلے کے دور تک جاتی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مل کر پاکستان اور ترکی کی دوستی کو دو روحوں ایک دل کی طرح برادرانہ بندھن بنانے کے لیے مزید محنت کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رجب طیب اردوان نہ صرف ترکی بلکہ پوری اسلامی دنیا کے عظیم رہنما ہیں اور ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر اردوان کی آواز غزہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سمیت پوری امت مسلمہ کی آواز ہے۔
Comments