سیکورٹی فورسز کی 5 کارروائیوں میں 13 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 5 مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز(آئی بی اوز) میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن شروع کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے جن میں ان کا اہم کارندہ شاہ گل عرف روحانی بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی اور تپیہ میں مزید 2 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جہاں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
لکی مروت میں آپریشن کے دوران2 دہشت گردوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ خیبر کے علاقے باغ میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیر اعظم کی کامیاب فوجی کارروائیوں کی تعریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر فورسز کی تعریف کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم اس جنگ کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اس لعنت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
Comments