ہنگری کے اسٹیٹ سیکرٹری اور نائب وزیر دفاع تامس ورگھا نے جمعہ کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ دونوں شخصیات نے باہمی فائدے اور مشترکہ مفادات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
تامس ورگھا نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی نمایاں قربانیوں کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں ہنگری اور پاکستان کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا گیا جو عالمی اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف میجر جنرل ابراہیم ہلمی جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، فریقین نے عسکری مصروفیات اور مشترکہ اقدامات سمیت موجودہ تعاون کو وسعت دینے اور بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
میجر جنرل ابراہیم ہلمی نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، ان کی کامیابیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔
Comments