رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کردیا گیا۔

آج نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار اقبال ڈوگر نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو الزامات سے بری کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ 17 اکتوبر 2024 کو احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کو اینٹی کرپشن کورٹ میں منتقل کردیا تھا کیونکہ قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں ترمیم کے بعد اس کا دائرہ اختیار ختم ہوگیا تھا۔

ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں وزیراعظم شہباز شریف، ان کے بیٹوں حمزہ اور سلمان شہباز کے خلاف مالی فراڈ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

نیب نے الزام عائد کیا کہ شہبازشریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے بیٹے حمزہ نے ایک دوسرے کی مدد اور سازباز کے ساتھ اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے خزانے کو 213 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

نیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ضلع چنیوٹ میں ایک نالے کی تعمیر کا حکم دیا تھا جو بنیادی طور پر ان کے بیٹوں حمزہ اور سلمان کی ملکیت رمضان شوگر ملز کے استعمال کے لیے تھا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر شوگر ملز کے لیے نالے کو 21 کروڑ روپے سے قومی خزانے کے ذریعے تعمیر کروانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

Comments

200 حروف