پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے ملک کے معاشی منظرنامے کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افراط زر کی شرح میں کمی قومی معیشت میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں وزیراعلیٰ کے ترقیاتی اقدامات اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ افراط زر میں کمی اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اب اس زوال کی طرف نہیں جا رہا جس طرف کبھی دھکیلا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی معاشی استحکام کی جانب اشارہ کرتی ہے، یہ ملک کے مستقبل کیلئے خوش آئند پیش رفت ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نے مریم نواز کی پنجاب میں قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماں اور بیٹی دونوں کے جذبے کے ساتھ کام کرکے بطور وزیراعلیٰ اپنے کردار کو آگے بڑھایا ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنی والدہ کی محبت اور عوامی فلاح و بہبود کے جذبے سے بھرپور لگن کے ساتھ پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں، شہباز شریف کی توجہ وفاق کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر ہے ۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں ترقیاتی کوششوں کی بڑھتی رفتار مثبت تبدیلی کا ایک مضبوط اشارہ ہے۔ انہوں نے اسٹاک ایکسچینج میں حالیہ اضافے کو کاروبار اور سرمایہ کاروں دونوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے اعتماد کے ثبوت کے طور پر بھی نشاندہی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف مرکز میں بہت محنت کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز پنجاب میں بہت اچھا کام کررہی ہیں۔
اس موقع پر ایم پیز نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اپنی بیٹی پر فخر ہونا چاہیے جو ایک بہادر اور قابل خاتون ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے گزشتہ ایک سال کے دوران معاشرے کے تمام طبقوں کے لیے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments