مارکٹس

وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب پراعتماد، پاکستان آئی ایم ایف جائزے کا منتظر

۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے اسٹرکچرل بینچ مارکس پر پورا اترنے کی سمت میں حکومت کی پیش رفت پر اعتماد...
شائع February 3, 2025 اپ ڈیٹ February 3, 2025 05:33pm

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے اسٹرکچرل بینچ مارکس پر پورا اترنے کی سمت میں حکومت کی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس سلسلے میں درست مقام پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے منظوری کے بعد زرعی انکم ٹیکس سے متعلق قانون سازی کی سندھ نے بھی منظوری دے دی ہے۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ اب اس سلسلے میں بلوچستان کی بھی باری آئے گی۔

سندھ کابینہ نے زرعی انکم ٹیکس بل 2025 کی منظوری دے دی۔ یہ بل جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

آئی ایم ایف کے چھ ماہ کے جائزے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جائزہ اچھی پوزیشن میں ہوگا۔

توقع ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن فروری کے آخر یا مارچ کے اوائل میں 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے پہلے جائزے کے لیے پاکستان پہنچ جائے گا۔

اکتوبر میں جاری آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ای ایف ایف اور دسمبر 2024 کے اختتام پر کارکردگی کے معیار کے تحت پہلے جائزے کا مجوزہ شیڈول 15 مارچ 2025 ہے۔

اورنگ زیب نے پیر کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت نے بجٹ سازی کا عمل شروع کر دیا ہے اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے بجٹ مباحثے کو پہلے سے تیار کر لیا ہے، اس لیے آئندہ ایک ، دو ماہ میں ہم مشاورتی عمل کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت ہیں لہذا ہم جانتے ہیں کہ ہماری رکاوٹیں کیا ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس جمع کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، ایف بی آر میں اصلاحات پر پیش رفت جاری ہے۔

Comments

200 حروف