پاکستان

جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد ریکارڈ

  • ریڈنگ مارکیٹ کے تخمینوں سے کم رہی
شائع February 3, 2025 اپ ڈیٹ February 3, 2025 02:20pm

۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ کی بنیاد پر 2.4 فیصد رہی جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں کم ہے جب یہ 4.1 فیصد تھی۔

ماہانہ کی بنیاد پر جنوری 2025 میں مہنگائی( سی پی آئی) میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 0.1 فیصد اور جنوری 2024 میں 1.8 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ یہ 9 برس سے زائد عرصے میں سب سے کم ریڈنگ ہے۔

ماہرین نے افراط زر میں کمی کی وجہ بلند بنیادی اثر اور غذائی افراط زر میں کمی کو قرار دیا ہے۔

مالی سال 2025 کے 7 ماہ کے دوران سی پی آئی افراط زر کی اوسط 6.5 فیصد رہی جو مالی سال 24 کے 7 ماہ میں 28.73 فیصد تھی۔

پاکستان میں افراط زر خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔ مئی 2023 میں سی پی آئی افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم، اس کے بعد سے یہ نیچے کی طرف جا رہا ہے.

چند روز قبل فنانس ڈویژن نے کہا تھا کہ پالیسی مداخلت اور انتظامی اقدامات سے افراط زر پر کامیابی سے قابو پایا گیا جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

گزشتہ ماہ توقعات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی کی تھی، جس کے بعد یہ 12 فیصد رہ گئی تھی۔

جون 2024 کے بعد سے اہم شرح سود میں یہ لگاتار چھٹی کٹوتی تھی جب یہ 22 فیصد تھی۔

دریں اثنا، سی پی آئی کی تازہ ترین ریڈنگ کئی بروکریج ہاؤسز کے اندازوں سے بھی کم تھی۔

جے ایس گلوبل نے جنوری میں افراط زر کی شرح 3 فیصد سے کم رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔

بروکریج ہاؤس نے کہا، ’افراط زر میں تیزی سے کمی کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے، جنوری 2025 میں سی پی آئی افراط زر کے 2.8 فیصد تک گرنے کا امکان ہے (نومبر-2015 کے بعد سب سے کم) حالانکہ ماہانہ بنیاد پر 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح کا مطالعہ ایک اور بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکیورٹیز لمیٹڈ نے بھی کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 25 کے لیے افراط زر کی شرح 2.9 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 28.3 فیصد کے مقابلے میں بڑی کمی ہے، جو قیمتوں کے دباؤ میں نمایاں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔

شہری اور دیہی افراط زر

پی بی ایس نے کہا کہ جنوری 2025 میں شہری سطح پر سی پی آئی افراط زر کی شرح کم ہو کر 2.7 فیصد رہ گئی جو اس سے پہلے کے مہینے میں 4.4 فیصد اور جنوری 2024 میں 30.2 فیصد تھی۔

ماہانہ کی بنیاد پر جنوری 2025 میں یہ 0.2 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 0.1 فیصد کی کمی اور جنوری 2024 میں 1.8 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

سی پی آئی افراط زر دیہی علاقوں میں سالانہ کی بنیاد پر کم ہوکر 1.9 فیصد رہ گئی جو اس سے پچھلے مہینے 3.6 فیصد اور جنوری 2024 میں 25.7 فیصد تھی۔

ماہانہ کی بنیاد پر جنوری 2025 میں اس میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں یہ 0.3 فیصد اور جنوری 2024 میں 1.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

Comments

200 حروف