نئے چیف الیکشن کمشنراور ممبران کی تقرری ، پی ٹی آئی کا حکومت سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے فوری طور پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک بیان میں حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو مزید کمزور نہ کرے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک قابل اعتماد، بے داغ اور غیر جانبدار شخص کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا جائے تاکہ ای سی پی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جاسکے۔
وقاص اکرم نے سکندر سلطان راجہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پاکستان کی انتخابی تاریخ کی متنازع ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے اور یہ سلطان راجہ کی وراثت پر ایک مستقل دھبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے عوامی مینڈیٹ چوری کیا انہوں نے منظم طریقے سے تمام ریاستی اداروں کو کمزور کیا ہے تاکہ وفادار اور متنازعہ شخصیات کو اعلیٰ عہدوں پر بٹھایا جاسکے اور انہیں اپنی غیر مجاز حکمرانی کو برقرار رکھنے اور احتساب سے بچنے کے قابل بنایا جاسکے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی نشاندہی کی کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز پہلے ہی اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو خطوط لکھ چکے ہیں جس میں نئے چیف الیکشن کمشنر کی فوری تقرری پر زور دیا گیا ہے۔
وقاص اکرم نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کو متنازع ہ چیف الیکشن کمشنر کو برقرار رکھنے یا متعصب جانشین مقرر کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی انتخابی عمل کی سالمیت کی بحالی کے لئے ایک قابل اعتماد اور غیر جانبدار شخص کی تقرری کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
وقاص اکرم کے مطابق عوام نے مبینہ دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں اپنے فیصلے کا اظہار پہلے ہی کر دیا تھا اور پی ٹی آئی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔
پارٹی نے 8 فروری 2025 کو ایک بار پھر عوام کو متحرک کرنے کا عہد کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہو۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments