آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے بعد 8 ٹیموں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی کے طبعی ٹکٹس کی فروخت 3 فروری بروز پیر سے پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فزیکل ٹکٹس پاکستان کے 26 شہروں میں 108 ٹی سی ایس سینٹرز پر شائقین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے 10 میچوں کے لیے جنرل اسٹینڈ ٹکٹس کی قیمت ایک ہزار روپے سے شروع ہوگی جبکہ مختلف کیٹیگریز میں پریمیم نشستیں 1500 روپے میں دستیاب ہوں گی۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا جس کی میزبانی پاکستان کرے گا جبکہ بھارت اپنے میچز دبئی، متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دبئی، متحدہ عرب امارات میں 20، 23 فروری اور 2 مارچ کو کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس کی معلومات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ٹکٹس 9 مارچ کو دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد دستیاب ہوں گے۔
Comments