امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں جمعہ کو ایک چھوٹا طیارہ اُڑان بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا.
متاثرہ طیارہ میڈیکل ٹرانسپورٹ جیٹ تھا جس میں ایک مریض، اس کی ماں اور چار دیگر افراد سوار تھے۔
میکسیکو میں واقع اور امریکہ میں آپریٹ کرنے کے لیے لائسنس یافتہ جٹ ریسکیو ایئر ایمبولینس کمپنی نے کہا ہے کہ اس کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے جس میں 4 عملے کے ارکان، ایک مریض بچہ اور اس کی والدہ سوار تھیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس وقت ہم کسی کے زندہ بچ جانے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
ریاستی اور مقامی حکام نے بتایا کہ وہ ابھی تک یہ تصدیق نہیں کر سکے کہ ہوائی جہاز کے شہر کے ایک گنجان آباد علاقے میں گرنے کے بعد کتنے افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ حادثے کے عینی شاہدین کی جانب سے لی گئی ویڈیوز میں لاشوں کے اعضاء سڑکوں اور قریبی گھروں کے اندر بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
سی این این کے مطابق میکسیکو کی حکومت کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد میکسیکو کے شہری تھے۔
جیٹ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے ساتھ کارپوریٹ حکمت عملی پر کام کرنے والی شائی گولڈ نے سی این این کو بتایا کہ بچی ایک لڑکی تھی جو اپنے گھر واپس جارہی تھی اور اس کی آخری منزل تیجوانا تھی۔ اس کی والدہ بھی جہاز میں سوار تھیں۔
شائی گولڈ نے کہا کہ ہم اس المناک واقعے سے بہت صدمے میں ہیں۔ یہ ایک بہت تجربہ کار عملہ تھا، ہم ایک معروف ایئر ایمبولینس کمپنی ہیں، ہم سال میں 600 سے 700 بار پرواز کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے اپنے طیارے کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق برقرار رکھنے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بہترین پرواز کی حالت میں تھا۔
گولڈ نے کہا کہ ہم واقعی نہیں جانتے کہ کیا ہوا ہے۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شپیرو نے جائے حادثہ پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ علاقے میں نقصانات ہوں گے۔
جوش شپیرو نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے لیے اپنے خیالات اور سنجیدگی سے دعا کرنا چاہتے ہیں جو اس وقت غمگین ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ “فلاڈیلفیا، پنسلوانیا میں طیارہ گرتے ہوئے دیکھنا بہت افسوسناک ہے۔ مزید معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ہماری ٹیم ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ یہ حادثہ رواں ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں امریکن ایئرلائنز کے طیارے اور امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے تصادم کے بعد پیش آیا، جس میں 67 افراد ہلاک ہوئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ لیئر جیٹ 55 میں چھ افراد سوار تھے جو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے گر کر تباہ ہوا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمال مشرقی فلاڈیلفیا میں روزویلٹ مال کے قریب پیش آیا اور زمین پر متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ویڈیو میں طیارے کو زمین کی طرف تیز زاویے سے گرتے ہوئے دکھایا گیا، اس کے بعد وہ زمین سے ٹکرا کر ایک بڑے آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔
فلاڈیلفیا کی میئر چیریل پارکر نے حادثے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کئی مکانات اور گاڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں “تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے.
حکام نے کہا کہ حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ جب طیارہ گرا تو موسم سرد تھا، بارش ہو رہی تھی اور دیکھنے کی حد بھی کم تھی۔
ایف اے اے نے ایک بیان میں کہا کہ ایئر ایمبولینس شمال مشرقی فلاڈیلفیا ہوائی اڈے سے روانہ ہوئی تھی اور جنوب مغرب میں تقریبا 1،100 میل (1،800 کلومیٹر) دور مسوری کے اسپرنگ فیلڈ-برانسن نیشنل ایئرپورٹ کی طرف جا رہی تھی۔
Comments