اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کو اپنا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینکنگ (ڈی آر بی) لائسنس دے دیا ہے جو ملک کی مالیاتی خدمات کو بینکنگ سے محروم اور پسماندہ آبادیوں تک پھیلانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

یہ لائسنس ایزی پیسہ، جسے پہلے ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کے نام سے جانا جاتا تھا، کو سائبر سیکیورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے مالی شمولیت کو فروغ دینے کے مقصد سے آسان بینکاری آپریشنز شروع کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ایک تقریب کے دوران لائسنس پیش کرتے ہوئے تیز رفتار ٹیکنالوجی کی ترقی سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق انہوں نے دو اہم شعبوں، صارفین میں ڈیجیٹل خواندگی میں اضافے اور صارفین کے اعتماد کی حفاظت اور مالیاتی نظام کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لئے مضبوط سائبر سیکورٹی اقدامات کے نفاذ پر روشنی ڈالی۔

گورنر جمیل احمد نے ایزی پیسہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اسپانسر آنٹ گروپ سے ترغیب حاصل کرے اور پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ دے۔

انہوں نے ایزی پیسہ اور 4 دیگر ڈیجیٹل بینکس، جو فی الحال پائلٹ مرحلے میں ہیں، کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جدت اختیار کریں اور صارفین کے لیے ایسے حل تیار کریں جو افراد، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایم ایس ایم ایز) اور دیگر کم خدمات یافتہ گروپوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ توجہ مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان نے آن لائن بینکنگ کے لیے ایک مضبوط انفراسٹرکچر تیار کیا ہے، جسے کووڈ-19 کے دوران اور اس کے بعد آزمایا گیا۔ اس وقت کئی کمرشل بینک محدود ڈیجیٹل بینکنگ خدمات بھی فراہم کر رہے ہیں۔

اگرچہ بہت سے کمرشل بینک اس وقت محدود ڈیجیٹل خدمات پیش کرتے ہیں ، لیکن ڈی آر بی لائسنس مالیاتی آلات تک رسائی کو بڑھانے میں ایک بڑی پیشرفت کی نمائندگی کرتا ہے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ کے چیئرمین عرفان وہاب خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر کی سہولت اور ہاؤسنگ اور کار فنانسنگ قرضوں کی فراہمی کے لیے بینک کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔

بینک کے صدر اور سی ای او جہانزیب خان نے کہا کہ ایزی پیسہ پہلے ہی 50 ملین صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے، 80 ارب روپے کے ذخائر کا انتظام کرتا ہے اور اپنے موبائل بینکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے روزانہ 65,000 مائیکرو لونز جاری کرتا ہے۔

بورڈ کے رکن اور آنٹ انٹرنیشنل کے صدر و آنٹ گروپ کے سینئر نائب صدر ڈگلس فیگن نے بینک کے مستقبل کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آنٹ گروپ تبدیلی کے سفر میں ایزی پیسہ کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہے جس سے لاکھوں پاکستانیوں کو بااختیار بنایا جائے گا اور ملک بھر میں مالی شمولیت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

ٹیلی نار گروپ، جو ایشیا اور نارڈکس میں ایک اہم ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹر ہے، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کا مشترکہ مالک ہے۔ گروپ کے پاس 55 فیصد حصص ہیں جبکہ آنٹ گروپ، جو اوپن انٹرنیٹ پلیٹ فارمز میں عالمی رہنما ہے، کے پاس باقی 45 فیصد حصص ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈی آر بی لائسنس دینے کا اقدام جنوری 2023 میں پانچ درخواست دہندگان کو این او سی جاری کرنے کے بعد کیا گیا تھا جن میں ایزی پیسہ، ہیوگو بینک لمیٹڈ، کے ٹی بینک پاکستان لمیٹڈ، مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ اور رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک لمیٹڈ شامل ہیں۔

ان اداروں کو ستمبر 2023 میں آپریشنل تیاری کے لیے اصولی منظوری (آئی پی اے) حاصل ہوئی، جو پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ کے نئے عہد کا آغاز کی علامت ہے۔

Comments

200 حروف