پی ٹی آئی کی مذاکرات کے چوتھے دور میں عدم شرکت، حکومت بات چیت کیلئے پرامید
- امید ہے کہ تحریک انصاف اجلاس میں آئے گی اور مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مذاکرات کے چوتھے دور میں عدم شرکت کے باوجود حکومت بات چیت کے لئے پرامید دکھائی دے رہی ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تحریک انصاف اجلاس میں آئے گی اور مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
لیکن چونکہ ان کی غیر موجودگی میں بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی، اس لیے اس ملاقات کے بارے میں مزید بات کرنے یا جاری رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات میں آپ پہلے شرائط پیش نہیں کرتے، آپ مذاکرات کے لیے بیٹھتے ہیں اور بات چیت کرتے ہیں، جہاں فیصلے کیے جاتے ہیں کہ کیا قبول کیا جاتا ہے اور کیا نہیں، کیا کوئی متبادل تجویز ہے۔‘
اسپیکر نے مزید کہا کہ ان کے دروازے کھلے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کرنے کے لئے بات چیت کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی برقرار رہے گی اور تحلیل نہیں ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز موصول ہونے کے 7 روز کے اندر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے میں ناکامی کے بعد پارٹی اور حکومت کے درمیان باضابطہ مذاکرات معطل کردیے گئے ہیں۔
تاہم انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر حکومت 9 مئی 2023 اور 26 نومبر 2024 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیتی ہے تو بات چیت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔
Comments