وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے منافع کے اندر نان پروٹیکٹڈ ڈومیسٹک کیٹیگریز کے لیے مجوزہ 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس اضافے کو ایڈجسٹ کیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے دونوں گیس کمپنیوں کے 100 ارب روپے کے منافع کو استعمال کرتے ہوئے ان صارفین کو سبسڈی دی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس 100 ارب روپے میں سے 98 ارب روپے غیر محفوظ گھریلو گیس صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ بقیہ 2 ارب روپے گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی پہلی حکومت کے بعد سے گیس میں 70 فیصد اضافے کے باوجود 64 فیصد غریب نان پروٹیکٹڈ کیٹیگریز میں آتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی پہلی حکومت کے بعد گیس کی قیمت 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1770 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے ٹیرف بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سی پی پیز کے ٹیرف کو روکنے کے بجائے آہستہ آہستہ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔

سی پی پیز پر انڈسٹری کے احتجاج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی لگانے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن پہلے انڈسٹری سے مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے گیس قانون میں ترمیم کی ہے جس کے تحت حکومت گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی (ری گیسائزڈ مائع قدرتی گیس) کی قیمتوں میں ردوبدل کو دو سالانہ پرائس ایڈجسٹمنٹ میں شامل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور صوبوں کے اندر پانی کے تنازع کو حل کرنے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف