اسپنر جومیل واریکن کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 35 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ جیت لیا۔

ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے 120 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ملتان میں پہلے ٹیسٹ میچ میں 127 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

واریکن نے میچ میں 9 جب کہ سیریز میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کرکے میزبان ٹیم کو اپنے ہی اسپن جال میں پھنسادیا۔

ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ نومبر 1990 میں فیصل آباد میں ٹیسٹ جیتا تھا جب کہ 1997 اور 2006 کے دوروں کے دوران وہ کوئی بھی میچ نہیں جیت سکے تھے۔

254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جیت کی امیدیں سعود شکیل پر منحصر تھیں لیکن کیون سنکلیر نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔

میچ کے تیسرے روز کھیل کے آغاز پر ہی سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے، جب کہ سلمان علی آغا بھی 15 رنز بناکر چلتے بنے، ساجد خان 7، نعمان علی 6 اور محمد رضوان 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بابراعظم نے سب سے زیادہ 31 اور محمد رضوان نے 25 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان کی ٹیم 133 رنز پر پہنچ سکی۔

شکست کے بعد پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں نویں اور آخری نمبر پر آگیا جبکہ ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر آگیا۔

جون میں لارڈز میں ڈبلیو ٹی سی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

Comments

200 حروف