ماڑی انرجیز لمیٹڈ جو پہلے ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم اے آر آئی) کے نام سے جانی جاتی تھی، نے مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی (مالی سال 25) میں 11.17 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 18.36 ارب روپے کے مقابلے میں سالانہ 39 فیصد سے زیادہ کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے پیر کے روز منعقدہ ایک اجلاس میں 31 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والی مدت کے لئے کمپنی کی مالی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نقد منافع نہ دینے کا اعلان کیا۔
تازہ ترین مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 9.3 روپے رہی جو گزشتہ برس کی اس مدت میں 15.29 روپے فی حصص تھی۔
منافع میں کمی کی وجہ اس عرصے کے دوران کم آمدنی اور زیادہ اخراجات تھے۔
ماڑی انرجیز کی مجموعی فروخت گزشتہ سال کے 51.11 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 9 فیصد کم ہوکر 46.67 ارب روپے رہ گئی۔
مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں ای اینڈ پی کی خالص فروخت 41.35 ارب روپے رہی جو سالانہ 9 فیصد سے زیادہ کمی ہے۔
مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی کے دوران فروخت کی لاگت (بشمول رائلٹی اور آپریٹنگ اور انتظامی اخراجات) بڑھ کر 23.1 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے 12.8 ارب روپے کے مقابلے میں 80 فیصد سے زائد کا اضافہ ہے۔
اس عرصے کے دوران ماڑی انرجیز نے اپنے کھوج اور پراسپیکٹنگ اخراجات میں 154 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا، جو مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں 3.7 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ برس کی اس مدت میں یہ 1.5 ارب روپے تھا۔
کمپنی کی مالی لاگت میں سالانہ تقریبا 19 فیصد اضافہ ہوا۔
دریں اثنا مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں ماڑی انرجیز کی فنانس آمدنی 1.6 ارب روپے سے بڑھ کر 2.3 ارب روپے ہوگئی۔
ماڑی انرجیز کی قبل از ٹیکس آمدنی 51 فیصد سے زائد کم ہوکر 14.9 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 30.5 ارب روپے تھی۔
ماڑی گیس فیلڈ، ڈہرکی، سندھ میں ملک کا سب سے بڑا گیس ذخیرہ چلا کر ماڑی انرجیز لمیٹڈ قدرتی گیس پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ادارہ ہے۔
سال 1984 میں پاکستان میں قائم ہونے والی ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ، ماڑی انرجیز ایک مربوط تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار ی کمپنی ہے اور تقریبا 70 فیصد تلاش کی کامیابی کی شرح ہے ، جو تقریبا 33 فیصدف قومی اور 14 فیصد بین الاقوامی کی صنعت کی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔
ماری کے اہم صارفین میں فرٹیلائزر مینوفیکچررز، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں، گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اور ریفائنریاں شامل ہیں۔
Comments