ہم نیٹ ورک لمیٹڈ (ایچ یو ایم این ایل)نے میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا جن میں کہا گیا ہے کہ اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) دورید قریشی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے زریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ میڈیا پبلیکیشنز نے غلط خبر دی ہے کہ دورید قریشی نے ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ دورید قریشی کمپنی کے سی ای او ہیں اور کمپنی کے انتظامی امور کے سلسلے میں پوری تندہی سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں۔

کمپنی نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا کہ وہ جانشینی کی منصوبہ بندی کے ابتدائی مراحل میں ہے، جس میں ممکنہ جانشین کی شناخت، ان کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ اور مستقبل میں کمپنی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ان کی تربیت شامل ہے۔

کمپنی کے سی ای او کے عہدے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ اگر بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا تو اسے فوراً اور مکمل شفاف طریقے سے ظاہر کیا جائے گا۔

ایچ یو ایم این ایل نے مزید خبردار کیا کہ صرف سرکاری چینلز کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات پر انحصار کیا جائے۔

ہم نیٹ ورک لمیٹڈ 2004 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی۔ کمپنی کا کاروبار سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے پر مرکوز ہے۔

آپریشنز کے بنیادی شعبوں میں پروڈکشن، ایڈورٹائزنگ، میڈیا مارکیٹنگ اور انٹرٹینمنٹ شامل ہیں۔

Comments

200 حروف