پاکستان میں اسمارٹ فونز بنانے والی اور ڈسٹری بیوٹر ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے اپنی توسیعی حکمت عملی کے تحت 3 ایکڑ پر محیط صنعتی پلاٹ خرید لیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ایئر لنک نے کامیابی کے ساتھ تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی ہیں اور سندر گرین اسپیشل اکنامک زون، لاہور (ایس جی ایس ای زیڈ) میں اپنے ماتحت ادارے سلیکٹ ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت والے 5 ایکڑ پلاٹ سے متصل 3 ایکڑ صنعتی پلاٹ حاصل کیا ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ خریداری ہماری اسٹریٹجک توسیعی مقاصد کے مطابق ہیں اور ہمیں ایس جی ایس ای زیڈ میں دستیاب مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔

گزشتہ ہفتے ایئر لنک نے صنعتی اراضی خریدنے کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خریداری جس کی مالیت 572 ملین روپے ہے، اس کی موجودہ اور مستقبل کی توسیعی ضروریات کو پورا کرے گی اور کمپنی کو اسپیشل اکنامک زونز ایکٹ 2012 سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔

ایئر لنک کمیونیکیشن پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم پلیئر کے طور پر ابھرکر سامنے آیا ہے۔ کمپنی سیلولر موبائل / اسمارٹ فونز ، ٹیبلٹس ، لیپ ٹاپ اور متعلقہ مصنوعات سمیت آئی ٹی سے متعلق مصنوعات اور خدمات کی درآمد ، برآمد ، تقسیم ، تھوک اور خوردہ مواصلات اور خدمات پیش کرتی ہے۔

ایئر لنک کمیونی کیشن، جس نے مالی سال 2023-24 کے لئے اپنے منافع میں 382 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، نے پہلے ہی لاہور میں اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں اسمارٹ ٹی وی تیار کرنے کے لئے شیاؤمی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

کمپنی ٹیکنو فونز کے دو مینوفیکچررز میں سے ایک ہے ، اور سام سنگ ، ہواوے ، ٹی سی ایل ، الکاٹل اور آئی ٹیل سمیت عالمی برانڈز کی باضابطہ شراکت دار ہے۔ اس کے علاوہ اس نے پاکستان میں ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر جی این ای ایکس ٹی ٹیکنالوجیز کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔

Comments

200 حروف