افغان طالبان رہنماؤں پر ’بہت بڑا انعام‘ رکھ سکتے ہیں، امریکی وزیر خارجہ
- نو منتخب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ انعام واشنگٹن کی جانب سے اسامہ بن لادن کیلئے رکھے گئے انعام سے بھی بڑا ہو سکتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ امریکہ طالبان کے سرکردہ رہنماؤں پر ’بہت بڑا انعام‘ رکھ سکتا ہے اور وہ سن رہے ہیں کہ طالبان نے پہلے سے کہیں زیادہ امریکیوں کو یرغمال بنالیا ہے۔
مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “صرف یہ سن کر کہ طالبان نے رپورٹ سے کہیں زیادہ امریکیوں کو یرغمال بنایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر یہ سچ ہے تو ہمیں فوری طور پر ان کے سرکردہ رہنماؤں پر بہت بڑا انعام رکھ دینا پڑے گا، شاید اسامہ بن لادن پر ہمارے انعام سے بھی بڑا۔‘
اس پوسٹ میں مزید تفصیلات نہیں دی گئیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ طالبان کے زیر حراست امریکیوں کی تعداد کتنی ہے۔
کابل میں حکام نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکہ نے افغانستان میں قید دو امریکی شہریوں کے بدلے منشیات کی اسمگلنگ اور انتہا پسندی کے الزام میں امریکی عدالت کی جانب سے سزا یافتہ ایک افغان کو رہا کر دیا ہے۔
افغان حکام نے منگل کے روز بتایا کہ خان محمد نامی شخص رہا ہونے کے بعد کابل پہنچا تھا۔
طالبان انتظامیہ کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تبادلے میں دو امریکیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رہا کیے جانے والے امریکیوں میں سے ایک ریان کاربیٹ تھا۔
اہل خانہ کے مطابق کاربیٹ 2022 سے طالبان کی حراست میں تھا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رہا کیے جانے والے دوسرے امریکی کا نام ولیم میک کینٹی ہے۔
20 سال کی جنگ کے بعد افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد طالبان نے 2021 میں افغانستان پر قبضہ کر لیا تھا۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے جمعرات کے روز کہا کہ انہوں نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں پر ظلم و ستم کا الزام عائد کرتے ہوئے سپریم روحانی پیشوا ہیبت اللہ اخوندزادہ سمیت دو طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست دی ہے۔
Comments