وفاقی چیمبر کے بزنس مین پینل (بی ایم پی)، جوایف پی سی سی آئی میں اپوزیشن گروپ ہے، نے موجودہ قیادت کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے کیونکہ بی ایم پی کی پچھلی مدت میں شروع ہونے والے کئی اہم منصوبے روک دیے گئے ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور بی ایم پی کے چیئرمین میاں انجم نثار نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی ایک بڑی تعداد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ تاجروں کی سب سے بڑی تنظیم کے موجودہ عہدیداروں نے پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے تاریخی منصوبے کو غیر موثر بنا دیا ہے، حالانکہ وزارت تجارت نے اسے سراہا اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔
انجم نثار نے کہا کہ مسلسل کوششوں کے بعد ہم سندھ حکومت سے 14 منزلہ ٹاور کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جو کئی دہائیوں سے زیر التوا تھا۔ کنونشن سینٹر اور ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر پر مشتمل اس جدید ترین عمارت پر تعمیراتی کام جنوری 2024 میں شروع ہونا تھا لیکن ابھی تک کچھ بھی شروع نہیں ہوا۔ اسی طرح کے پی کے میں دفتری عمارت پر کام جس کے لئے ہم نے منظوری حاصل کی اور فنڈز روک دیئے گئے۔
اجلاس میں امجد رفیع، رحیم جانو، حاجی غنی عثمان، ڈاکٹر ایوب آرائیں، حنیف لکھنی، شارق وہرہ، عمران ٹیسوری، یاسین جی ایم، چوہدری نصیر، شوکت عمرسن، رفیق سلیمان، یوسف فرخ، جاوید چنائے، عمران غنی، خالد امین، اوم پرکاش بڈلانی، ڈاکٹر تسمینہ بلو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میاں انجم نثار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ایف پی سی سی آئی میں حکمران جماعت کاروباری مفادات کی خدمت کرنے کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں دھاندلی کے بعد، یو بی جی کی قیادت نے لاہور کے انتخابات میں ان کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے متعدد سابق صدور کو جمع کیا۔ میری فیملی میں اختلافات پیدا کرنے اور بہت سارا پیسہ خرچ کرنے کے باوجود، ہم نے انہیں زبردست شکست دی اور تمام 32 نشستوں پر بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی کیونکہ ہمارے کارکردگی اور کامیابیوں کی وجہ سے ہمیں ووٹرزکی بھرپور حمایت حاصل ہے۔“
انہوں نے کہا کہ یو بی جی بالخصوص پنجاب کے لوگ ہم سے رابطہ کررہے ہیں اور ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں ہمارے گروپ کی حمایت کی یقین دہانی کرارہے ہیں کیونکہ وہ بھی بہت مایوس ہیں۔ ہم پوری طرح تیار ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے۔ یو بی جی کو کاروباری برادری کے تعاون سے تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قبل ازیں بی ایم پی سندھ کے سیکریٹری جنرل شیخ سلطان رحمان نے ملک بھر میں بی ایم پی کی سرگرمیوں کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس کے عہدیداروں کا تعارف کرایا۔
سابق گورنر سینیٹر غلام علی نے کہا کہ یو بی جی نے اس وقت کے وزیر تجارت کی مداخلت اور اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کا کنٹرول حاصل کیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تجارتی تنظیموں اور رائے دہندگان کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں انتخابی عمل سے نکال دیا گیا اور سپریم باڈی کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے ووٹ خریدے گئے۔
لاہور چیمبر کے انتخابات کا نتیجہ ان کے منہ پر ایک طاقتور طمانچہ ہے۔ وہ انتخابات ہار گئے کیونکہ وہ اب وزارت تجارت کی بیساکھیوں سے لطف اندوز نہیں ہورہے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments