وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سامنے اعتراف کیا کہ نان فائلرز کی معاشی لین دین پر پابندی سے بہت تکلیف اور خلل پڑے گا، مگر یہ ضروری ہے تاکہ کالے دھن کو دستاویزی نظام میں لایا جا سکے۔

کمیٹی نے وزیر مملکت برائے خزانہ اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی کہ وہ نان فائلرز پر ان پابندیوں کے معاشی اثرات کی وضاحت کریں ۔

کمیٹی کے ارکان نے تشویش ظاہر کی کہ نان فائلرز کے اقتصادی لین دین پر پابندی کا سنگین اقتصادی اثر پڑے گا۔

ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کے جائزے کے دوران وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ حکومتوں کو نان فائلرز کو محاصل جمع کرنے کے ذرائع کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا۔

علی پرویز ملک نے واضح طور پر کہا کہ گزشتہ کئی سال سے نان فائلرز کی رجسٹریشن نہ ہونا ریاست کی ادارہ جاتی ناکامی ہے اور حکومتوں نے نان فائلرز کو ریونیو حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جو دستاویزی معیشت کے لئے ایک تباہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت 75 سال سے نان فائلرز پر خاموش ہے لیکن اب اس مسئلے کو حل کررہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کے پاس غیر دستاویزی دولت یا پیسہ ہے، وہ بھی اپنے غیر قانونی پیسوں کو پارک کرنے کے ذرائع چاہتے ہیں۔ اگر حکومت تقریباً 9 ٹریلین روپے کی نقدی جو گردش میں ہے، کو روکنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو نان فائلرز کو دستاویزی نظام میں آنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف 50 لاکھ فائلرز ملک نہیں چلا سکتے اور ہمیں کم ٹیکس ادا کرے والے اور نان ٹیکس والے شعبوں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ نئے ٹیکس قوانین کے تحت نان فائلرز کو بڑی لین دین جیسے کہ جائیداد خریدنا، گاڑیاں خریدنا، یا کاروبار یا ایکویٹی میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مجموعی اور بین الاقوامی ماحول کے پیش نظر ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 معیشت کی دستاویز بندی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب لوگ دبئی کے بینکوں میں لاکھوں درہم جمع کرواتے تھے اور کوئی سوال نہیں کیا جاتا تھا۔ اب دبئی کے بینکوں میں مشتبہ لین دین کی رپورٹس (ایس ٹی آرز) اور کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آرز) تیار کی جاتی ہیں اور پاکستان کو رپورٹ کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یا تو پیسہ سفید ہے یا کالا اور اس میں کوئی گرے منی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً آدھی معیشت کالے دھن پر چل رہی ہے جبکہ ٹیکس حکام کو اب 1600 آڈیٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ نان فائلرز کا سراغ لگایا جاسکے اور ٹیکس قوانین (ترمیمی) بل 2024 کو ان کی مالیات پر لاگو کیا جاسکے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کمیٹی کو بل پر بریفنگ دی جو ٹیکس کی تعمیل میں اضافے اور غیر دستاویزی دولت کو روکنے کے لئے ایف بی آر کی دیرینہ کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

کمیٹی کے ارکان نے چیئرمین ایف بی آر سے نان فائلرز پر ان پابندیوں کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کی وضاحت طلب کی۔

ایف بی آر کے چیئرمین رشید محمود لنگڑیال نے کہا کہ جن لوگوں کی آمدنی غیر متعارف تھی، انہیں سہولت دی گئی اور دستاویزی شعبے پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا۔ 2008 اور 2016 میں جمع کردہ محصولات وہی ہیں جو 2024 میں جمع ہو رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ 2008 سے 2024 تک ہم نے ایک قدم بھی نہیں بڑھایا۔ سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے، کم از کم انکم ٹیکس کی شرح میں 5 سے 15 فیصد تک اضافہ، تنخواہ دار طبقے اور دیگر پر بھاری ٹیکس لگانے کے باوجود، محصول کی وصولی میں اضافہ نہیں ہوا۔ ٹیکس کی شرح ان افراد یا شعبوں پر بڑھائی گئی جو ٹیکس کے جال سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں رکھتے۔

دوسری جانب بلیک اکانومی میں کام کرنے والے لوگوں کو سہولت فراہم کی گئی جن کی آمدنی غیر اعلانیہ تھی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ حکومتوں نے نان فائلرز کو ود ہولڈنگ ٹیکس کی زیادہ شرح کی پیشکش کرکے غیر قانونی رقم کو قانونی بنایا۔ نتیجتا حکومت کو سرکاری شعبے کی مالی سرمایہ کاری اور مقامی اخراجات کے لیے بھاری قرضے لینے پڑتے ہیں۔

سیلز ٹیکس کے حوالے سے چیئرمین ایف بی آر لنگڑیال نے وضاحت کی کہ 25 فیصد سے بھی کم مینوفیکچرنگ یونٹس سیلز ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔ اسی طرح تھوک فروش اور خوردہ فروش ٹیکس نیٹ میں کام نہیں کررہے ہیں۔ سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل افراد کم رپورٹنگ، غلط ٹیکس ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکسوں کی غلط رپورٹنگ میں ملوث ہیں۔

وفاقی کابینہ کو ترتیب، ٹائم لائنز اور پابندیوں کی مقدار طے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت اس بل کو منظم انداز میں نافذ کرے گی۔ بل پر بتدریج عملدرآمد وفاقی کابینہ کی منظوری کے مطابق کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے پہلی بار ہائی پاور مراعاتی نظام کا ٹرائل رن کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹیکس عہدیداروں کو پیداوار کے معیار اور دیانتداری کے لحاظ سے درجہ بندی کی جائے گی۔ رشید محمود لنگڑیال نے مزید کہا کہ عہدیداروں کو زمرے کے مطابق چار گنا زیادہ تنخواہ ملے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف