ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی کمی
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 17 پیسے کم ہونے کے بعد روپیہ 278 روپے 82 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پیر کو روپیہ 278.65 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر منگل کو ایشیائی تجارت میں امریکی ڈالر نے اتار چڑھاؤ کے بعد اپنی پوزیشن مستحکم کی کیوں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اشارہ دیا کہ امریکہ جلد ہی کینیڈا اور میکسیکو پر محصولات عائد کر سکتا ہے تاہم اس بارے میں تفصیلات موجود نہیں ہیں۔
ٹرمپ کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کی ٹیم 25 فیصد محصولات عائد کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے جس کا اعلان یکم فروری کو کیا جاسکتا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یہ تبصرے اس لیے حیران کن تھے کیونکہ حکام نے اس سے قبل یہ اشارہ دیا تھا کہ کوئی بھی نیا ٹیکس محتاط طریقے سے عائد کیا جائے گا جو تجارتی دباؤ کا شکار کرنسیوں کے لیے اطمینان بخش بات تھی۔ اس کے بعد جاری ہونے والے مراسلے میں صرف ایجنسیوں کو تجارتی خسارے کے مسلسل مسائل کی تحقیق اور ان کے حل کی ہدایت دی گئی۔
مارکیٹ کا ردعمل کینیڈین ڈالر اور میکسیکن پیسو میں اچانک کمی کی صورت میں ظاہر ہوا جس سے امریکی ڈالر کو پیر کو ہونے والے نقصانات کو جزوی طور پر کم کرنے میں مدد ملی۔
امریکی ڈالر 1.2 فیصد اضافے سے 1.4475 کینیڈین ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ پیسو میں 1.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ڈالر انڈیکس 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 108.65 تک پہنچا، حالانکہ اس نے پچھلی رات 1.2 فیصد کا نقصان اٹھایا تھا، جو 2023 کے آخر کے بعد اس کا سب سے بڑا یومیہ کا نقصان تھا۔
Comments