پاکستان میں اسمارٹ فونز بنانے والی اور ڈسٹری بیوٹر ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے اپنے توسیعی منصوبے کے تحت صنعتی پلاٹس خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ 3 ایکڑ پر مشتمل ایک صنعتی پلاٹ خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ اس کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی سلیکٹ ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں پانچ ایکڑ پر محیط صنعتی پلاٹ خریدے گی۔
ان اراضی کی مجموعی مالیت 572 ملین روپے ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ خریداریاں موجودہ اور مستقبل کی توسیعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں اور ہمیں 2012 کے اسپیشل اکنامک زونز ایکٹ کے تحت تمام متعلقہ فوائد حاصل کرنے کا حق دیتی ہیں۔
ایئر لنک کمیونیکیشن پاکستان کے ٹیکنالوجی شعبے میں ایک اہم پلیئر کے طور پر ابھری ہے۔ کمپنی مواصلات اور آئی ٹی سے متعلق مختلف مصنوعات اور خدمات کی درآمد، برآمد، تقسیم، تھوک اور خوردہ فروشی کرتی ہے، جن میں موبائل فونز، اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپس، ایکسیسریز اور دیگر متعلقہ مصنوعات شامل ہیں
ایئر لنک کمیونی کیشن، جس نے مالی سال 2023-24 کے لئے اپنے منافع میں 382 فیصد اضافے کا زبردست اعلان کیا ہے، پہلے ہی لاہور میں اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں اسمارٹ ٹی وی تیار کرنے کیلئے شیاؤمی کے ساتھ شراکت داری کر چکا ہے۔
کمپنی ٹیکنو فونز کی دو مینوفیکچررز میں سے ایک ہے اور عالمی برانڈز جیسے سام سنگ، ہواوے، ٹی سی ایل، الکاٹل، آئی ٹییل کے ساتھ ساتھ جی نیکسٹ ٹیکنالوجیز، جو پاکستان کے لیے ایپل کا مجاز تقسیم کار ہے، کا بھی باضابطہ پارٹنر ہے۔
Comments