ورلڈ بینک نے اپنی کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک رپورٹ میں ترقی کے ماڈل کی مکمل تبدیلی کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ ماڈل، جو عوامی اخراجات، بلند قرضوں، کم پیداواری صلاحیت اور ناقص سرمایہ جمع کرنے پر مبنی ہے، آمدنی میں عدم مساوات، غربت کی شرح میں اضافہ (پاکستان کی غربت کی شرح 41 فیصد ہے جو سب صحارا افریقہ کے برابر ہے) اور غذائی عدم تحفظ کا باعث بن رہا ہے۔ رپورٹ میں سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق معاشی ترقی اور ساختی تبدیلی کی رفتار طویل عرصے سے ایسی مسخ شدہ پالیسیوں کے باعث سست رہی ہے جو صرف چند افراد کے فائدے کے لیے ہیں، جنہوں نے تاریخی طور پر ترقی پسند اصلاحات کی مخالفت کی ہے اور غریب ترین طبقے کے لیے انسانی سرمائے اور بنیادی خدمات پر عوامی اخراجات میں اضافے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہے۔
ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں پر ایسی سخت تنقید کے باوجود، اسی فریم ورک میں بینک نے 2026 سے شروع ہونے والی اگلی دہائی کے دوران 20 ارب ڈالر کا ملکی امدادی پروگرام کا اعلان کیا ۔
پاکستان نے پچھلی سات دہائیوں میں بہت سے ورلڈ بینک منصوبوں اور پروگرامز (بجٹ معاونت) سے فائدہ اٹھایا ہے اور اس وقت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے چوبیسویں پروگرام میں شامل ہے، اس لیے موجودہ ترقیاتی ماڈل کا کچھ الزام قرض دہندگان پر بھی آتا ہے، جو اپنے پروگرامز کے ڈیزائن میں سیاسی پہلوؤں کو مدنظر رکھنے میں ناکام رہے ہیں اور ایک مخصوص وقت کے اندر قابل عمل شرائط مرتب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
لیکن جو بات انتہائی حیران کن ہے وہ یہ ہے کہ حالیہ دستاویزات میں پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف نے پورے حصے مختص کیے ہیں جس میں پچھلے پروگرامز میں طے شدہ شرائط کو نافذ کرنے میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، لیکن پھر بھی آئی ایم ایف کے عملے نے ایک واضح شرط پر توجہ نہیں دی ہے جو غریبوں پر کم سے کم اثر ڈالے گی: موجودہ اخراجات کو کم کرنا، جس سے حکام کو اپنی سخت ابتدائی شرائط کو مرحلہ وار ختم کرنے کے حوالے سے زیادہ لیوریج ملے گا۔
حقیقت یہ ہے کہ موجودہ بجٹ کو مبینہ طور پر آئی ایم ایف کے عملے نے جاری قرض کے لئے پیشگی شرط کے طور پر منظور کیا تھا ، ایک ایسا بجٹ جس میں کل موجودہ اخراجات میں 21 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا تھا ، جو ایک ایسی معیشت کی حمایت کرتا ہے جو عوامی خرچ پر منحصر ہے، قابل فہم نہیں ہے۔
آئی ایم ایف کا جاری پروگرام شدید طور پر سکڑ جانے والی مانیٹری اور مالیاتی پالیسیوں پر مرکوز ہے جس کے نمو پر واضح منفی اثرات ہیں۔
اگرچہ پالیسی ریٹ پچھلے سال اپریل میں 22 فیصد کے مقابلے میں کم ہوکر 13 فیصد پر آ گئی ہے ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بھی ہمارے علاقائی حریفوں کے مقابلے میں دگنی سے زیادہ ہے جس کے باعث قرضوں کی لاگت بڑی صنعتی پیداوار (ایل ایس ایم) کے شعبے کے لیے بہت زیادہ ہوگئی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ایل ایس ایم کی نمو جولائی سے اکتوبر 2024 میں منفی 0.64 فیصد کیوں ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے موجودہ ٹیکس ڈھانچے کی منظوری دی، یعنی بالواسطہ ٹیکسز پر 75 سے 80 فیصد انحصار، جن کا اثر غریبوں پر امیروں کے مقابلے میں زیادہ پڑتا ہے، یہ دوبارہ حیران کن ہے کیونکہ اس سے صرف غربت کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ آسان ہے کہ صرف نظریاتی تجاویز دی جائیں اور کتابوں میں دیے گئے حل پیش کیے جائیں، جو ہر ملک پر لاگو نہیں ہوتے۔ پاکستانی حکام کو بھی قصوروار ٹھہرایا جانا چاہیے کیونکہ ان کی اقتصادی ٹیم کے رہنماؤں کا انتخاب بڑی حد تک بین الاقوامی بیوروکریٹک حلقوں سے کیا گیا ہے، ایسے افراد جو موجودہ حالات کے ساتھ اتنے ہم آہنگ نہیں ہو سکتے جتنے وہ افراد جو دہائیوں سے اس ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور کسی بھی اصلاحات کے کامیاب ہونے کے امکانات کو مخصوص وقت کے اندر سمجھتے ہیں۔
لہٰذا قرض دہندگان کے ساتھ ساتھ حکومتی حکام کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ایک پروگرام کے ڈیزائن پر بامعنی بحث کریں جیسا کہ کثیر الجہتی اور دیگر مقروض ممالک کے درمیان مذاکرات میں ہوتا ہے۔
پاکستانی حکام کے لیے جب تک ایسا معاہدہ طے نہیں پاتا، یہ ضروری ہے کہ لیوریج بڑھایا جائے، جو صرف موجودہ اخراجات میں بڑے پیمانے پر کمی کے ذریعے ممکن ہے، اور اس کے لیے اشرافیہ کی جانب سے رضاکارانہ قربانی درکار ہوگی جو ان اخراجات کے مستفید شعبے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments