متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے ایک ایک ارب ڈالر کے دو ڈپازٹس کے رول اوور کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ بات اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جمعرات کو اپنے بیان میں بتائی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے ایک ارب ڈالر کے دو ڈپازٹس کو مزید ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی تصدیق کی ہے جو جنوری 2025 میں میچور ہورہے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں ماہ کے اوائل میں قرض رول اوور کیے جانے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے رحیم یار خان میں اپنی ملاقات کی تفصیلات کا اشتراک کیا۔

وزیر اعظم کے مطابق ملاقات کے دوران النہیان نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ النہیان نے 2 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی رول اوور کردی ہے جو جنوری میں واجب الادا تھے۔

وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے اس وقت جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، اور خلیجی ریاست پاکستان میں اہم سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔

Comments

200 حروف