وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران یوسف حسین نے میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں بہتر معاشی اشاریوں کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جاری معاشی بحالی اور اس کے آگے بڑھنے کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔

یوسف حسین نے جون 2024ء میں ہونے والے مالی سال 25-2024 کے وفاقی بجٹ کے لئے مشاورتی عمل کے دوران حکومت اور او آئی سی سی آئی کے درمیان تعمیری مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت سازگار پالیسی فریم ورک کو فروغ دینا اور پالیسی کے تسلسل کو برقرار رکھنا جاری رکھے گی، جو انہوں نے کہا کہ معاشی فوائد کو مزید مستحکم کرنے اور پائیدار میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے یوسف حسین کو یقین دلایا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ رابطے اور بجٹ کی تشکیل کے عمل میں ان کی رائے کو مدنظر رکھے گی جس میں کاروباری اداروں کی مدد، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معاشی ترقی کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے پاکستان کے معاشی امکانات کو مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

200 حروف