وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 18 ویں ایشین فنانشل فورم (اے ایف ایف) میں شرکت کے لیے ہفتہ کو ہانگ کانگ روانہ ہوگئے جہاں وہ اہم ایشیائی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور سینئر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اورنگ زیب ہانگ کانگ کے دورے کے دوران مقامی اور چینی حکام، مالیاتی شعبے کے ماہرین، پیشہ ور افراد، سرمایہ کاروں اور اعلیٰ کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

اے ایف ایف سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ ملک کے معاشی منظرنامے پر تفصیل سے بات کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اورنگ زیب چائنا انٹرنیشنل کیپٹل کارپوریشن لمیٹڈ (سی آئی سی سی)، چائنا نیو انرجی اسکائی ریل لمیٹڈ اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔

وہ عوامی جمہوریہ چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے چیف ایگزیکٹو جان کے لی سے بھی بات چیت کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر خزانہ اورنگ زیب ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم افراد اور رہنماؤں سے بھی ملاقات یں کریں گے۔

ایشین فنانشل فورم ایشیا کے فنانس، بزنس اور بااثر حکومتی رہنماؤں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے تاکہ ایشیائی نقطہ نظر سے عالمی معیشت کو متاثر کرنے والے اہم مسائل کی بصیرت اور حل کا تبادلہ کیا جا سکے۔

18 واں اے ایف ایف 13 اور 14 جنوری 2025 کو ہانگ کانگ میں منعقد ہوگا۔

Comments

200 حروف