وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے حکومت کی 60 فیصد خالی اسامیوں – تقریباً 1,50,000 عہدوں – کو ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان، جو 43 وزارتوں اور ان سے منسلک 400 محکموں کی تنظیم اور اصلاح کے لیے کیا گیا ہے، بلاشبہ خوش آئند ہے۔ تاہم، اس اعلان کے بعد پیدا ہونے والے کئی اہم سوالات کے جوابات واضح نہیں کیے گئے ہیں۔ رائٹسائزنگ اقدام جو آئی ایم ایف کی ایک اہم اسٹرکچرل شرط ہے، کا مقصد وفاقی حکومت کے بے قابو اخراجات کو کم کرنا، اس کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانا، عوامی مفاد کو برقرار رکھتے ہوئے ان حکومتی کاموں کی نشاندہی کرنا ہے جنہیں نجکاری یا آؤٹ سورس کیا جا سکتا ہو، اور وہ غیر ضروری دہرائے جانے والے افعال ختم کرنا ہے جو صوبائی محکمے پہلے ہی انجام دے رہے ہیں۔تاہم، اس دور رس کوشش کے مالی اثرات کے بارے میں تشویش ناک طور پر وضاحت کا فقدان ہے جبکہ وزیرخزانہ نے ابھی تک اس سوال کا براہ راست جواب نہیں دیا ہے کہ کیا عدلیہ اور دفاعی پیداوار کی وزارتوں کے تحت آنے والے محکموں کو بھی اسی طرح کے اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس مہم کا ایک اور اہم پہلو، جو آئی ایم ایف کی ہدایت کے تحت ہے، حکومت کو پابند کرتا ہے کہ وہ تمام وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے کمرشل بینکوں میں موجود نقد ذخائر کو ٹریژری سنگل اکاؤنٹ میں منتقل کرے،تاکہ ان رقوم کو دیگر اہم ضروریات کے لیے قرض کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔ تاہم اس حوالے سے کافی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے کیونکہ ان نقد ذخائر کا ایک قابلِ ذکر حصہ، تقریباً 15 سے 20 فیصد، بدستور کمرشل بینکوں میں موجود ہے۔ مزید یہ کہ، خالی اسامیوں کو ختم کرنے اور 30 جون تک عارضی اور نچلے درجے کے عہدوں کی تعداد کم کرنے کے منصوبے کے باوجود، 43 میں سے صرف 15 یا 16 وزارتیں یہ عمل مکمل کر سکی ہیں، حالانکہ مالی سال کا نصف وقت گزر چکا ہے۔ صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتے ہوئے، اس جامع رائٹسائزنگ کے عمل کے لیے استعمال کیے جانے والے معیار یا فارمولے کے بارے میں معلومات کی حیران کن حد تک کمی ہے، اور ان وزارتوں کے مالی نتائج یا فوائد کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات یا وضاحت موجود نہیں جو یہ عمل مکمل کر چکی ہیں، جبکہ ان وزارتوں کے لیے کوئی پیش گوئی یا تخمینہ بھی دستیاب نہیں جو ابھی تک ان تبدیلیوں کو نافذ نہیں کر سکیں۔
یہ کہنا قطعی طور پر درست ہوگا کہ ہماری معیشت کو طویل عرصے سے ایک سنگین مسئلہ درپیش ہے، جو کہ جاری اخراجات میں مسلسل اضافے کی صورت میں ظاہر ہو رہا ہے۔ یہ اضافہ سرکاری شعبے میں اسراف اور غیر ضروری اخراجات کی ثقافت کا نتیجہ ہے۔یہ عموماً اس بات کا سبب بنتا ہے کہ بڑی رقم غیر مؤثر اقدامات پر ضائع ہو جاتی ہے، اور حکومت کے محکمے غیر ضروری اخراجات کی وجہ سے اپنے بجٹ سے تجاوز کرجاتے ہیں۔غیر مؤثر کارکردگی اور اسراف میں اضافے کا سبب وسائل کی تکرار بھی ہے، کیونکہ 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو کئی ذمے داریاں منتقل ہونے کے باوجود، متعدد وفاقی وزارتیں وہی کام کر رہی ہیں جو صوبے کر رہے ہیں، جس سے حکمرانی مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔
اس پس منظر میں یہ انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ حکومت اپنی مرضی سے غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کے بجائے، عملاً آئی ایم ایف کی ہدایت پر ضروری ساختی اصلاحات کر رہی ہے۔اور یہاں تک کہ اس کوشش کو بھی بہت زیادہ تاخیر اور غیر واضح رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ رائٹسائزنگ پروگرام دراصل وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال اگست میں منظور کیا تھا۔ نومبر تک پریس رپورٹس نے یہ اشارہ دیا تھا کہ صرف تقریباً 15 وزارتوں نے اس عمل کا آغاز کیا تھا اور جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے، ابھی تک تقریباً اتنی ہی وزارتوں نے یہ عمل مکمل کیا ہے، جو حکومت کی مشینری کی جانب سے سنجیدگی اور فوری کارروائی کی شدید کمی کو ظاہر کرتا ہے۔یہ تاخیر کوئی غیر متوقع بات نہیں کیونکہ پاکستانی بیوروکریسی کی شہرت اچھی طرح سے جانی پہچانی ہے کہ وہ پہل کرنے میں سست روی اختیار کرتی ہے اور ایسی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کرتی ہے جو اس کے ذاتی مفادات کو متاثر کر سکتی ہیں۔تاہم حکومت کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ اس محاذ پر طویل عرصے تک غیر فعال رہنے سے اس کی اصلاحاتی کوششوں کی ساکھ متاثر ہوگی اور ملک کو درپیش معاشی چیلنجز میں مزید اضافہ ہوگا۔رائٹ سائزنگ کی مشق کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کے ساتھ اس عمل کو مؤثر طور پر نافذ کرنے اور دیے گئے وقت میں مکمل کرنے کے لیے قابل عمل اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments