پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے اندرون ملک اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز میں نمایاں توسیع کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مسافروں کے لیے رابطے اور سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کویت، بحرین، دوحہ، دمام اور جدہ کے لیے نئے بین الاقوامی روٹس متعارف کرا رہی ہے۔
25 جنوری سے لاہور اور کویت کے درمیان ہفتہ وار پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی جبکہ لاہور سے دمام کے لیے ہفتہ وار دو نئی پروازیں 22 جنوری سے روانہ ہوں گی۔
اسی طرح سیالکوٹ میں 20 جنوری سے بحرین کے لیے ہفتہ وار پروازیں، 21 جنوری سے دوحہ کے لیے نئی دو طرفہ ہفتہ وار پرواز اور 20 جنوری سے جدہ کے لیے اضافی پروازیں شروع ہوں گی۔
پی آئی اے 25 جنوری سے کراچی اور پشاور کے درمیان ہفتہ وار تیسری پرواز شروع کرکے اپنے نیٹ ورک کو مضبوط بنا رہی ہے۔
یہ نئی پروازیں پہلے معطل روٹس کی بحالی کے ساتھ پی آئی اے کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ وہ اپنے مسافروں کو اندرون و بیرون ملک بہتر رسائی فراہم کرے گی۔
قومی ائر لائن سفر میں آسانی کو ترجیح دیتی ہے اور اپنے قابل قدر مسافروں کے لئے رابطوں کو مضبوط بناتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments