اماراتی صدر کے ساتھ ملاقات، شہباز شریف کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر آمادگی کا اعادہ
- دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، اعلامیہ
وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید آل نہیان سے ملاقات کی ہے جہاں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور سیاسی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری اعلامیے میں بتائی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں شخصیات نے اقتصادی تعاون، خطے کے استحکام، موسمیاتی تبدیلی، اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ جیسے متعدد امور پر بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، تجارت، انفراسٹرکچر اور ہنر کی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری بڑھانے کے لئے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا اور عوامی رابطوں اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت بالخصوص انسانی امداد اور ترقیاتی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی مفادات کے معاملات پر قریبی تعاون بڑھانے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
بیان کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے بالخصوص ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
گزشتہ ماہ کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخت عتیق الرومیثی نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے متعلق بات چیت آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے بزنس ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایف ٹی اے کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم صرف آپ کے ملک (پاکستان) کا انتظار کر رہے ہیں۔
Comments