پاکستان

یوم حق خودارادیت، صدر اور وزیراعظم کا کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

  • پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، آصف علی زرداری
شائع January 5, 2025

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

کشمیریوں کے حق خودارادیت کے دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کے کشمیری اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کی 76 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جس میں جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دی گئی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت سات دہائیوں سے زائد عرصے سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے اور انہیں جبر، تشدد اور منظم مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری اپنے وعدوں پر پورا اترے اور بامعنی اقدامات کرے۔

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج حق خودارادیت کا دن منا رہے ہیں اور استصواب رائے کے ذریعے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کر رہے ہیں، جیسا کہ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی حمایت کی گئی تھی۔

اس دن دنیا بھر میں ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا تا ہے تاکہ اقوام متحدہ کو تنازعہ کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم اور کشمیریوں کے مصائب کو ختم کرنے کے لئے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی ذمہ داری کی یاد دہانی کرائی جا سکے۔

Comments

200 حروف